منشیات سمگلنگ کیس :بھارتی عدالت نے سابق اداکارہ ممتہ کلکرنی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

منشیات سمگلنگ کیس :بھارتی عدالت نے سابق اداکارہ ممتہ کلکرنی کے ناقابل ضمانت ...
منشیات سمگلنگ کیس :بھارتی عدالت نے سابق اداکارہ ممتہ کلکرنی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

  

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی عدالت نے منشیات سمگلنگ کیس میں ملوث سابق اداکارہ ممتہ کلکرنی اور انکے شوہر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کیلئے انٹرپول سے مدد مانگ لی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سپیشل کورٹ نے اربوں کی منشیات سمگلنگ کیس میں سابق بالی ووڈ اداکارہ ممتا کلکرنی اور ان کے شوہروکی گوسوامی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں جس کے بعد بھارتی پولیس نے انہیں کینیا سے واپس لانے  کیلئے انٹرپول سے مدد مانگ لی ہے ۔ اینٹی نارکوٹکس سیل کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد سے 4 مختلف ٹیمیں بنائی گئی ہیں جن میں سے دونوں کے گھروں اور پراپرٹی کی تلاش کیلئے ضروری قدم اٹھائیں گی. تھانے پولیس نے اپریل 2016 ءمیں 2ہزارکروڑ روپے سے بھی زیادہ کے منشیات سمگلنگ کے بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کیا تھا.

سینئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ تفتیش کاروں نے دوران سماعت موقف اپنایا کہ انکے پاس ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں جن کی بنیاد پر وہ چارج شیٹ پیش کرنا چاہتے ہیں مگر منشیات کیس میں نام آنے کے بعد دونوں ملزمان کو مفرور قراردیا جا چکا ہے ۔

سپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت سے وارنٹ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے منشیات سمگلنگ میں ملوث ہونے کے خلاف کافی شواہد موجود ہیں جبکہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ممتہ کلکرنی اور گوسوامی جرم کے مرکزی کردار ہیںجنہوںنے بھارت سے افیڈرین کا خام مال منگوانے اور کینیا میں برآمد کرنے کے حوالے سے مضبوط گروہ بنا رکھا ہے ۔

استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے کینیا کے ہوٹل میں ایک ملاقات کی جس میں گوسوامی، اسکے ساتھیوں ، ممتہ کلکرنی ، آکاشا برادرز ، فارما کمپنی کے سابق ڈائریکٹر ، منوج جین ، جئے مکھی اور عبداللہ نامی شخص موجود تھے ۔

استغاثہ نے عدالت کے سامنے موقف اپنایا کہ گرفتار ملزمان سے سوال وجواب اور انکے بیانات کے بعد بہت سے تکنیکی شواہد ، کال ریکارڈاور دیگر کئی حقائق سامنے آئے ہیں اور یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملاقات کے دوران ممتہ کلکرنی کو اوان لائن سائنسز پرائیویٹ لمیٹیڈ کا ڈائریکٹر بنانے کی بات بھی ہوئی تھی ۔

سابق اداکارہ ممتا کلکرنی مسلسل الزامات سے انکار کرتی رہی ہیں لیکن پولیس کا دعویٰ ہے کہ ممتا نہ صرف سمگلنگ سے منسلک اجلاسوں میں شامل رہتی تھی بلکہ وکی کے نشے کے کاروبار کو بڑھانے میں مدد بھی کرتی تھی لہذٰا غیر ضمانتی وارنٹ کے ذریعے اب انہیں پکڑنے کی کوشش تیز ہو گئی ہے۔

مزید :

تفریح -