گلگت میں پہاڑی تودے کی زد میں آکر 6افراد جان کی بازی ہار گئے
دیامیر(ڈیلی پاکستان آن لائن)گلگت میں لینڈ سلائیڈنگ سے6 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والے افراد گاڑی سے اتر کر سڑک سے پتھر ہٹا رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق دیامیر کے سب ڈویژن دایرل کے گاوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، ملبے سے چار افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا جبکہ دو کی تلاش جاری ہے کچھ افراد زخمی بھی ہوئے۔
افسوسناک واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت چار افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی جبکہ دو کی تلاش جاری ہے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، دو زخمی افراد کو نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار ملک کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر داریل محمد طارق کی قیادت میں امدادی ٹیم جائے حادثہ پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والے افراد مذہبی اجتماع میں شرکت کے لیے جارہے تھے کہ داریل کے مقام پر ان کی گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی، جاں بحق اور زخمی افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔