حکومت آئینی اداروں کے استحکام کیلئے کوشاں ہے، رفیق رجوانہ

حکومت آئینی اداروں کے استحکام کیلئے کوشاں ہے، رفیق رجوانہ

لاہور( نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ مقننہ اور عدلیہ کے بعد انتظامیہ بھی ریاست کا ایک اہم ستون ہے اور کسی بھی حکومتی پالیسی کی کامیابی کا دارومدار انتظامی امور سے وابستہ افراد سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے تمام آئینی اداروں کے استحکام کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے تاکہ ہرادارہ اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرے اور ملک میں جمہوری نظام مستحکم ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سروسز اکیڈمی ، والٹن لاہور میں تربیت حاصل کرنے والے45ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل عظمت علی رانجھا، فکیلٹی ممبران کے علاوہ تربیتی پروگرام مکمل کرنے والے افسران اور ان کے والدین اور عزیز و اقارب کی کثیر تعداد موجود تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تربیت ایک مسلسل عمل کا نام ہے جو نہ صرف علم و ہنر بلکہ رویوں میں تبدیلی کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام کا اہم مقصد آپ لوگوں کو مستقبل کی ذمہ داریوں کے لئے تیار کرنا ہے جو آپ آگے جا کر اپنی عملی زندگی اور پیشہ وارانہ کاموں میں بروئے کارلائیں گے۔ انہوں نے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہ کہ وہ کامن ٹریننگ پروگرام مکمل کرنے کے بعد حقیقی طور پر خود کو ملک و قوم کی خدمت کے لئے وقف کر دیں اور قائد اعظم کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اس ارض پاک کو عظیم سے عظیم تر بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کو جن چیلنجز کا سامنا ہے وہ کوئی واحدسیاسی پارٹی یا ادارہ حل نہیں کر سکتا اس کے لئے تمام اداروں اور سیاسی قوتوں کو مثبت سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہو گا۔۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے تربیت مکمل کرنے والے افسران میں تاریخی اسناد اور سرٹیفیکٹ تقسیم کئے۔اس سے قبل سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل عظمت علی رانجھا نے کورس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

مزید : صفحہ آخر


loading...