وزیر اعلیٰ اور وی سی پر الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان پنجاب یونیورسٹی

وزیر اعلیٰ اور وی سی پر الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان پنجاب یونیورسٹی

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے زمین کے معاملات پر ایک مخصوص گروپ کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وائس چانسلر پر بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا مخصوص گروپ انتظامی عہدے حاصل کرنے کیلئے بلیک میلنگ کے حربے استعمال کر کے انتظامیہ کو دباوٗ میں لانا چاہتا ہے ۔ سنڈیکیٹ کے ممبر جاوید سمیع اور سابق ممبر شمائلہ گل نے مولانا شوکت علی روڈ کی توسیع کیلئے350 کنال زمین حکومت پنجاب کو دیتے وقت مزاحمت نہیں کی تھی بلکہ اتفاق رائے سے حکومت پنجاب کو مفت زمین دینے کے لئے رضامندی دی تھی۔ مخصوص گروپ کے احتجاج کی بنیادی وجہ اہم انتظامی عہدوں پر اپنے اساتذہ کی تعیناتیاں کروانا اور اوورسیز سکالرشپس دلواناہیں جو قانون کے تحت سکالرشپ کے اہل نہیں، چند اساتذہ کی غیر قانونی ترقی کیلئے دباوٗ ڈال رہے ہیں۔ چند روز قبل انہی اساتذہ نے وائس چانسلر کی انتظامی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر کی تعریف میں پریس ریلیز جاری کی تھی اور اب سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے پینترا بدل رہے ہیں۔ جاوید سمیع اور رانا ماجد سنڈیکیٹ کے ممبراہیں اور بخوبی واقف ہیں کہ زمین دینے یا نہ دینے سے متعلق فیصلہ کرنے کی مجاز اتھارٹی سنڈیکیٹ ہے نہ کہ وائس چانسلر اگر ان اساتذہ کو ایسا لگتا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ زمین کی ملکیت کے حوالے سے غلط معلومات پہنچا رہی ہے تو ان سے درخواست ہے کہ وہ کاغذات دکھائیں جس میں متعلقہ زمین پنجاب یونیورسٹی کے نام ہے۔

پنجاب یونیورسٹی

مزید : صفحہ آخر


loading...