حکومت کی موثر پالیسیوں کی بدولت پاکستان کے اقتصادی اشارئیے بہتر ہوئے: ممنون حسین
اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان یورپ، افریقہ اور جنوبی امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ سفارتی وتجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ،پاکستان عالمی برادری کا ذمہ دار رکن ،تمام کثیر جہتی اور عالمی فورمز پر دیگر ممالک کیساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ملکر کام کررہا ہے، حکومت کی موثر پالیسیوں کی بدولت پاکستان کے اقتصادی اشاریئے بہتر ہوئے ،اعتراف بین الاقوامی معاشی اداروں نے بھی کیا ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات بدھ کو ایوان صدر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں کو بوسٹوانا ، ایکواڈور اور فن لینڈ کے نامزد سفیروں نے صدر مملکت کو اپنی تعیناتی کی سفارتی اسناد پیش کیں ۔بعد ازاں سفیروں نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار فضاء اور بھرپور کاروباری مواقع موجود ہیں۔انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں ۔ صدر مملکت نے پاکستان میں متعین نئے سفیروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے اپنے ملک کے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام کریں گے۔ صدر مملکت کو سفارتی اسناد پیش کرنے والے سفیروں میں بوسٹوانا کے نامزد سفیر موتھوسی بروس راباشا پلائی، ایکواڈور کے نامزد سفیر جرمن ایلی جاندرو اورتیگا المیدہ اور فن لینڈ کے نامزد سفیر ہیری کامارینن شامل تھے ۔ قبل ازیں نامزد سفراء بگھی میں سوار ہو کر ایوان صدرکے مرکزی دروازے پر پہنچے اس موقع پر پاکستان اور متعلقہ ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور نامزد سفیروں کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔