علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیر تعیناتی، نوٹیفیکیشن واپسی کیلئے صدر، وزیراعظم کو نوٹس

علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیر تعیناتی، نوٹیفیکیشن واپسی کیلئے صدر، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نامہ نگار خصوصی )امریکہ میں نامزدپاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کو میرٹ کے برعکس تعینات کرنے پر تعیناتی کا نوٹیفیکیشن واپس لینے کے لئے صدر مملکت اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا۔یہ قانونی نوٹس مقامی شہری ہمایوں فیض رسول نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے بھجوایا ہے، قانونی نوٹس میں کہاگیا ہے علی جہانگیر صدیقی وزیر اعظم کے کاروباری گروپ میں حصے دار ہیں جس کی بناء پر وہ ملکی مفاد کی بجائے اپنے کاروبار کا تحفظ کریں گے، علی جہانگیر صدیقی کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات کے تحت نیب میں انکوائری جاری ہے۔ جہانگیر صدیقی گروپ کے بھارتی حکومت سے قریبی تعلقات ہیں جو ملکی مفاد کے خلاف ہے، علی جہانگیر صدیقی مطلوبہ تعلیم اور سفارتی تجربہ نہیں رکھتے جس کی وجہ سے ملک کو سفارتی تعلقات سطح پر تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا، علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی سے اہل اورتجربہ کار سفیروں میں مایوسی پھیلی ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستانی سفیروں کی کارکردگی پر برا اثر پڑے گا، علی جہانگیر صدیقی کی کابینہ سے منظوری سپریم کورٹ کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے،امریکہ جیسے ملک میں سینئیر اور تجربہ کار سفارتکار کی تعیناتی سے قبل پارلیمنٹ اور کابینہ کی منظوری میں ہی ملکی مفاد وابستہ ہے، قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات تک رسائی کے قانون کے تحت علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کا مکمل ریکارڈ فراہم کیا جائے، میرٹ کے برعکس تعیناتی ہونے کی بناء پر علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن واپس لیا جائے ورنہ عدلیہ سے رجوع کیا جائیگا۔

مزید :

صفحہ آخر -