جی پی او چوک آج ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا ، گانا بھہ روڈ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل

جی پی او چوک آج ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا ، گانا بھہ روڈ تکمیل کے آخری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ پاکستان) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ جی پی او چوک کو آج شام تک ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا جبکہ سپریم کورٹ رجسٹری کی طرف جانے والی نابھ روڈ کا تعمیراتی کام بھی 31مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا۔ترقی یافتہ ملکوں کی طرز پر میٹرو ٹرین کے لکشمی چوک ‘انارکلی اور جی پی او سٹیشنوں کے قریب پارک اینڈ رائیڈ ایریاز بنائے جائیں گے جہاں شہری اپنی سائیکلیں،موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں وغیرہ کھڑی کر کے ٹرین میں سوار ہو سکیں گے۔ ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کی ساڑھے 13کلومیٹر میں سے11کلومیٹر طویل سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کی13کلومیٹرلمبی سڑکوں پر اسفالٹ کی پہلی تہہ بچھائی جا چکی ہے اور جلد ہی دوسری تہہ بچھا کر انہیں بھی مکمل کر لیا جائے گا ۔ ٹریفک پولیس اور متعلقہ محکمے ان سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے اپنے پلان اپ ڈیٹ کر لیں۔ وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طورپرمنصوبے کا 86.20 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 90.44فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا80.38فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 86.91فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا87.89فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔اس کے علاوہ منصوبے کا 50.39فیصد الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جی پی او چوک میں سلیب کی تعمیرمکمل ہونے کے بعد اورنج لائن میٹرو ٹرین کے زیر زمین سٹیشن کے لئے کھدائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور سٹیشن کے چار داخلی راستوں کا تعمیراتی کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ٹرین کے زیر زمین راستے کی تعمیر کے دوران نکلنے والی مٹی کو ڈمپرز کے ذریعے سڑکوں کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔علاقے میں سڑکوں کی تعمیر مکمل کرنے کے لئے اضافی لیبر لگادی گئی ہے۔ اجلاس میں جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘چیف انجینئر ٹیپا مظہر حسین خان اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔