حکومت تعلیمی اداروں پر چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام بنائے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے پیس فاؤنڈیشن ہائی سکول اور ذیشان اکیڈمی پیر غازی روڈ اچھرہ کی سالانہ تقسیم انعامات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اساتذہ اور بچوں سمیت والدین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزیدکہا کہ حکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی کارگردگی بہتر بنانے کیلئے چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو مضبوط بنائے ان اداروں میں تعلیمی اخراجات مناسب اور غریبوں کیلئے قابل برداشت ہوں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے منافع بخش کاروبار کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں جو اچھی اور معیاری تعلیم کی راہ میں رکاوٹ ہے ان تعلیمی اداروں کے تعلیمی اخراجات میں توازن قائم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے تاکہ عام غریب لوگوں کے بچے بھی تعلیم حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جب تک ہماری نوجوان نسل اور بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں ہوتے اس وقت تک ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرنا بہت مشکل ہے ۔ذکراللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماہرین تعلیم کی مشاورت اور مدد سے ایک قومی تعلیمی پالیسی تشکیل دے کر اس پر عملدرآمد کیلئے ٹھوس بنیادوں پر انقلابی اقدامات کرے تاکہ ہر خاص و عام کے بچوں کیلئے تعلیم کا حصول ممکن ہو سکے ۔
ذکر اللہ مجاہد