ڈیرن گنگا کی کراچی کی گلیوں میں کرکٹ کھیلتے ویڈیووائرل
کراچی(نیٹ نیوز) ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر اور انٹرنیشنل کمنٹیٹر ڈیرن گنگا نے کراچی میں گلیوں میں کرکٹ کھیل کر دنیا کو ایک منفرد پیغام دیا۔ڈیرن گنگا آسٹریلوی کرکٹر مائیکل سلیٹر اور انگلش کھلاڑی ایلن ولکنز کے ساتھ کمنٹری کے لیے دبئی سے پاکستان آئے تھے۔ڈیرن گنگا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں وہ کراچی کے گنجان آباد علاقے کی ایک گلی میں بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔تاہم اس بات کی تصدیق ابھی نہیں ہو سکی ہے کہ آیا یہ ویڈیو ان کے حالیہ دورہ کراچی کے دوران بنائی گئی یا یہ پرانی ویڈیو ہے۔ویڈیو میں ڈیرن گنگا کو جامنی رنگ کی قمیض اور جینز زیب تن کی ہوئی ہے۔اس موقع پر ان کے گرد مقامی بچوں کی کثیر تعداد بھی موجود ہے۔ڈیرن گنگا کو اس دوران موٹرسائیکلوں اور لوگوں کی چہل پہل کی وجہ سے کھیل بار بار روکنا بھی پڑا۔