جھوٹ کے علمبردار ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لیں : شہباز شریف

جھوٹ کے علمبردار ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لیں : شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے ہم نے سیاست کو عوام کی خدمت کا ذریعہ بنایا ہے اور عوامی خدمت کے سامنے جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی کوئی حیثیت نہیں۔ عمران نیازی نے سیاست میں جھوٹ اور بہتان تراشی کے منفی کلچر کو پروان چڑھایا ہے اوران عناصر نے ہر موقع پر جھوٹ کا سہارا لے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان کے باشعور عوام نے دھرنا گروپ کی ہر منفی ہتھکنڈے کو ناکام بنایا۔ جھوٹ کے علمبرداروں کو ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ پاکستانی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے سب کو ایک ہونا ہے اور پاکستان کو عظیم بنانے کیلئے اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج لندن میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کی پرواہ کئے بغیر پاکستان کی ترقی کیلئے آگے بڑھتے رہیں گے۔ عوام کو خالی نعروں، کھوکھلے دعووں اور منفی سیاست سے کوئی سروکار نہیں بلکہ عوام صرف ملک کی ترقی اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منفی سیاست اور قوم کا وقت برباد کرنیوالوں کو پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ دھرنوں کی رکاوٹوں کے باوجود ہم نے عوامی ترقی کا سفر رکنے نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ افراتفری پھیلا کر ترقی کے عمل کو روکنے کی کوشش کرنیوالوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ22کروڑ عوام عام انتخابات میں ان عناصر کی جھوٹ ،منفی اورانتشار کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے۔2018ء کے عام انتخابات میں محنت،امانت، دیانت اورعوامی خدمت کی سیاست کی جیت ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خالی نعروں سے نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلانے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ان عناصر کی سیاست بے بنیاد الزامات اوردشنام طرازی کے گرد گھوم رہی ہے ۔ عمران نیازی کی پہچان یوٹرن لینے والے ریکارڈ یافتہ سیاستد ان کے طورپر بن چکی ہے ۔باربار اپنی کہی ہوئی باتوں سے پھر جانے والا سیاستدان عوام کی قیادت کی اہلیت نہیں رکھتا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو عوام نے بار بار سبق سکھایا ہے ۔ان عناصر نے اپنی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا اورنہ ہی اپنا طرز عمل بدلا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غریب قوم کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو ساتھ کھڑا کر کے تبدیلی کی باتیں بے معنی ہے ۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول


loading...