ناظم کونسلرز اتحاد سخا کوٹ اجلاس،بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مسائل کے انبار

ناظم کونسلرز اتحاد سخا کوٹ اجلاس،بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مسائل کے انبار

سخاکوٹ( نمائندہ پاکستان) ناظم کونسلرز اتحاد سخاکوٹ کے اجلاس میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مسائل کے انبار لگ گئے ۔ 2017-18کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی فنڈز تا حال نہیں ملے ۔ ویلج کونسل ناظمین و نائب ناظمین کی تنخواہوں کی عدم آدائیگی سے منتخب نمائندوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے تعاون نہ کرنے سے مایوسیوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ متعلقہ ویلج کونسلوں میں کسی بھی اقدام سے قبل منتخب ناظمین و ممبران کو اعتماد میں لیا جائے ۔اس سلسلے میں ناظم کونسلرز اتحاد سخاکوٹ کے نومنتخب عہدیداروں کا اجلاس ویلج کونسل آفس سخاکوٹ بازار میں زیر صدارت نومنتخب صدر خالد خان منعقد ہوا جس میں جنرل سیکرٹری مصطفی گل ، سینئر نائب صدر الطاف خان ، فنانس سیکرٹری عالمزیب خان ، پریس سیکرٹری ساجد حسین مشوانی اور نائب صدر آختر حسین سمیت ناظم وی سی الیفے کلے ساجد خان ، ناظم عاطف ممتاز خان ، ناظم نور رحمان ، ناظم محمد رحیم ، یوسف خان ، چےئرمین بختی زمان ، ظاہر شاہ خان ، امراد علی خان ،حفیظ الرحمان عرف حنان ، قاری سلیمان خان اور بادشاہ اسلام وغیرہ نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ویلج کونسل ناظمین ونائب ناظمین نے کہا کہ تھانہ سخاکوٹ کی انتظامیہ مسائل کے حل میں ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتے اور نہ منتخب ممبران کو عزت دیتے ہیں بلکہ ہم نے کئی بار مقامی انتظامیہ سے آپیل کی ہے کہ معمولی نوعیت کے واقعات میں عوام اور منتخب ممبران کیساتھ تعاون کرتے ہوئے صلح اور مفاہمتی عمل کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جائے لیکن اس سلسلے میں انتظامیہ کسی قسم کی تعاون میں مخلص دکھائی نہیں دیتے ۔ ناظمین و نائب ناظمین نے کہا کہ گذشتہ کئی مہینوں سے ہمیں ماہانہ تنخواہیں اور سال 2017-18کے ترقیاتی وغیر ترقیاتی فنڈز ریلیز نہیں ہوئیں جس سے مسائل میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے پری آڈٹ ویلج کونسلوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ منتخب ممبران و ناظمین نے صوبائی حکومت اور محکمہ بلدیات و وزیر بلدیات سے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا ۔ ناظم کونسلرز اتحاد کے نومنتخب صدر خالد خان نے کہا کہ مقامی انتظامیہ سمیت ضلعی و تحصیل حکام و انتظامیہ سے اس سلسلے میں بہت جلد ملاقاتیں کئے جائینگے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام نے مسائل کے حل کے لئے منتخب کیا ہے اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...