ضلع کونسل پشاور کا اجلاس
پشاور( سٹاف رپورٹر)ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان کی زیر صدارت اگلے ہفتے ضلع کونسل پشاور کا اجلاس منعقد کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع نائب ناظم و کنونیئر ضلع کونسل پشاور سید قاسم علی شاہ ٗ اپوزیشن لیڈر اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید ظاہر ایڈوکیٹ ٗ پاکستانی راہ حق پارٹی کے عبد الرحمان صافی ٗ جماعت اسلامی کے خالد وقاص ٗ عالمزیب خان ٗ مسلم لیگ (ن) کے فرید اللہ ٗ سرتاج خان ٗ گل افضل خان ٗ سیدان شاہ ٗ آصف خان ٗ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ریاض احمد اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی مسائل کو عملاً حل کرنے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے باقاعدہ حکمت عملی طے کر لی گئی جس کے تحت روزانہ ایک ایجنڈے پر بحث کی جائے گی اور اس دن صرف متعلقہ محکموں کے افسران کو اجلاس میں بلایا جائے گا جبکہ عوامی مسائل کو بہترین انداز میں افسران کے سامنے پیش کیا جائے گا اور فضول اور لاحاصل بحث سے پرہیز کیا جائے گا وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے گا روزانہ اجلاس دس بجے سے سہ پہر دو بجے تک جاری رہے گا اجلاس میں نظم وضبط کو ہر صورت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اجلاس اگلے ہفتے 4 ٗ 5 اور 6 اپریل کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا اور پہلے دن ڈینگی ٗ دوسرے روز پولیو اور تیسرے روز اشیائے خوردونوش کے لئے SOP بنانے کے لئے بحث کی جائے گی۔ اجلاس میں تمام پارلیمانی ممبرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان نے کہا کہ ضلع کونسل کے اجلاس میں عوامی مسائل کو عملاً حل کرنے کے لئے تمام ممبران ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تاکہ عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے بہترین قوانین بنائے جا سکے۔