رشوت ستانی کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں:ڈی جی عارف رحیم

رشوت ستانی کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں:ڈی جی عارف رحیم

جہلم( شہبازاحمد)ڈائریکٹر انسداد رشوت ستانی راولپنڈی ریجن محمدعارف رحیم نے ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوہ اور تحصیل دینہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ملک اعجاز، اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد سلیم، چیئرمین بلدیہ دینہ محمد عاشق اعوان ، چیئرمین بلدیہ سوہاوہ راجہ شارق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن چوہدری محمد ریاض، اے ڈی ایل آر عاکف جاوید اور دیگر افسران موجود تھے۔ کھلی کچہری کے موقع پر ڈائریکٹر انسداد رشوت ستانی راولپنڈی ریجن محمدعارف رحیم کا کہنا تھا کہ رشوت ستانی کی روک تھام اور رشوت خوری میں مبینہ طور پر ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی کے لئے محکمہ انسداد رشوت ستانی کی طرف سے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کھلی کچہری سوہاوہ کے موقع پر کہا کہ ڈائریکٹر جنرل انسداد رشوت ستانی بریگیڈیئر (ر) مظفر رانجھا کی ہدایات پر جاری کاروائی کے نتیجے میں سال 2017ء کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں بارہ سو سے زائد شکایات پر کاروائی کے بعد 704 درخواستوں پر انکوائری کی جا چکی ہے ، اسی مقصد کی بنیاد پر ضلع جہلم، چکوال اور اٹک کی تحصیلوں میں کھلی کچہریاں لگائی جا رہی ہیں۔ تحصیل سوہاوہ کی واٹر سپلائی ، پارکس، سپورٹس سٹیڈیم اور دیگرترقیاتی کام جن میں کرپشن کا عنصر موجود ہو سکتا ہے اسکی کھوج کے لئے اسسٹنٹ کمشنر ملک اعجاز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن محمد ریاض کی زیر نگرانی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی، جو جلد از جلد رپورٹ جمع کروائیں گے ۔ محمد عارف رحیم نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن کی 13 تحصیلوں میں محکمہ انسداد رشوت ستانی کی طرف سے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ مکمل کیا جا چکا ہے اور بقیہ 11 تحصیلوں میں جلد انعقاد کیا جاے گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض سرکاری ملازمین کو رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر انسداد رشوت ستانی نے بتایا شکایت کی صورت میں واٹس ایپ نمبر5659603 -ّ0312 پر فوٹو ، ویڈیو اور دیگر ثبوت کی صورت میں رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔ آج کے دورہ کے دوران انہوں نے تحصیل دینہ اور سوہاوہ میں منعقدہ کھلی کچہری میں متعدد درخواستوں پر انکوائری کا حکم دیا گیا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...