مقبوضہ کشمیر ،چاڈورہ بڈگام میں شہید ہونے والے 3نوجوانوں کی برسی پر مکمل ہڑتال

مقبوضہ کشمیر ،چاڈورہ بڈگام میں شہید ہونے والے 3نوجوانوں کی برسی پر مکمل ہڑتال

سرینگر(آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہیدہونے والے تین نوجوانوں کی برسی پر ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔چاڈورہ قصبے میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ ضلع کے واتھورہ ، چاڈورہ اور ناگام جیسے اہم علاقوں میں گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ بھارتی فوجیوں نے 2017ء میں آج ہی کے دن چاڈورہ کے علاقے دربگ میں پرامن احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کرکے زاہد رشید گنائی، عامر فیاض وازہ اور اسحاق احمد وانی کو شہید اور دیگر35افراد کو زخمی کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی فورسز کے اہلکار براہ راست مظاہرین پر فائرنگ کررہے ہیں۔ دریں اثناء بھارتی فورسز نے ضلع راجوری کے علاقے سندربنی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کردی جس کے دوران فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے سندربنی میں تمام سکول بند کرادیے۔ اس سے پہلے سندر بنی میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک کیمپ پر حملے کی اطلاعات بھی تھیں۔

مقبوضہ کشمیر

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...