کراچی ،رینجرزکارروائیاں ،18ملزمان گرفتار ،اسلحہ و منشیات برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 18 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑی ، بغدادی اور کلاکوٹ میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 13 ملزمان کو گرفتار کیا ، جن میں دو ملزمان کامران عرف کامی اور سلال کا تعلق لیاری گینگ وار ( عزیر بلوچ گروپ ) جبکہ 9 ملزمان سنیل ، عمران ، محمد سعید ، رمیش شنکر عرف گدھا گاڑی ، اجے عرف انیل ، سوہن لال ، حنیف عرف ڈی جے ، اسد علی ، محمد علی اور دو ملزمہ خواتین فوزیہ اور سدرہ کا تعلق لیاری گینگ وار ( زاہد لاڈلہ گروپ سے ہے ۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری ، گرینیڈ حملوں کے لیے گرنیڈ کی فراہمی اور علاقے میں منشیات فروشی جبکہ دونوں ملزمہ خواتین گرینیڈ حملوں کی سہولت کاری اور علاقے میں منشیات کی سپلائی میں ملوث ہیں ۔ ناظم آباد اور چاکیواڑہ کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان مبشر علی عرف بوشا ، فرہاد عرف فراز اور شاہد کوگرفتار کر لیا ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں ۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ، ایمونیشن ، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہے ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔