ایسٹر پر سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں ،آئی جی سندھ

ایسٹر پر سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں ،آئی جی سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ گڈ فرائیڈے اور بعداذاں ایسٹر کے تہوار کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی اقدامات انتہائی مستعد اور چوکنا رہتے ہوئے انجام دیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مرکزی چرچز کی انتظامیہ کے تعاون سے شرکاء کی فزیکل سرچنگ، واک تھروگیٹس کی تنصیب اور میٹل ڈی ٹیکٹر کے استعمال جیسے اقدامات یقینی بنائے جائیں جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع اور باالخصوص کراچی کے ایسٹ زون اور ساؤتھ زون میں قائم چرچز پر سیکیورٹی اقدامات تھانوں کی سطح پر غیرمعمولی بنایا جائے ۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات پر عمل درآمد کا آغاز کرتے ہوئے پیٹرولنگ، پکٹنگ، رینڈم اسنیپ چیکنگ اقدامات کو باالخصوص مرکزی چرچز کے اطراف میں یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے جاری ہدایات میں کہا کہ سیکیورٹی پر مامور پولیس، ڈپلائمنٹ کو بریفنگ لازمی دی جائے علاوہ ازیں پولیس ناکوں اور چیک پوسٹ پر کڑی نگرانی اور سرچنگ کے عمل کو بھی مزید ٹھوس بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقوں میں انٹیلی جینس کلیکشن اور شیئرنگ کی بدولت سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کو مزید مربوط اور مؤثر بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اپنی نگرانی اور سپرویژن میں گڈ فرائیڈے اور بعداذاں ایسٹر کے مجموعی سیکیورٹی اقدامات کو غیرمعمولی بنائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ مشکوک سرگرمیوں، مشتبہ اشخاص، لاوارث اشیاء، بیگ، پارسل، بریف کیس، تھیلا وغیرہ یا کوئی مشکوک گاڑی دکھائی دینے پر عوام فوری اطلاع مددگار 15،ایس ایس پی دفاتر، قریبی تھانہ یا نزدیک ہی ڈیوٹی پر موجود پولیس افسر یا اہلکار کو دیں۔