کراچی،نیوی سیل کمانڈوزنے ایس ایس یو کوٹیکنیکل ٹریننگ د ی
کراچی (کرائم رپورٹر)کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس مقصود احمد نے کہا ہے کہ نیوی سیلزکمانڈوز کی جانب سے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کوفراہم کی جانے والی ٹیکنیکل ٹریننگ کی تربیت دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مؤثر ثابت ہوگی۔انھوں نے یہ بات بحیثیت مہمان خصوصی نیوی اسپیشل آپریشنز ٹریننگ سینٹر( NSOTC ) نتھیاگلی کراچی میں ایس ایس یو کے25 جوانوں کی 8 ہفتے کی انسداد دہشت گردی کورس تیسرے بیچ مکمل ہونے کی پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جبکہ اس سے قبل ایس ایس یو کے 43کمانڈوز NSOTC نتھیاگلی میں نیوی سیلز کمانڈوز کی جانب سے فراہم کی جانے والی تربیت حاصل کرچکے ہیں۔کمانڈوز کو دوران تربیت فضائی حملہ، بس حملہ، اسنائپرفائرنگ، روم کمبٹ ،کلوزکوارٹربیٹل ریپیلنگ، تیراکی کے بنیادی اصول ، ہتھیاروں کے استعمال کے طریقہ ء کار اور جسمانی صحت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ مقصود احمد نے مزید کہا کہ پاکستان کثیر جہتی امن وامان اورسیکیورٹی کے مختلف چیلنجز کا سامناکررہاہے اور نیوی سیلز کمانڈوز کی جانب سے کمانڈوز کو فراہم کی جانے والی تربیت سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کوناکام بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔کمانڈنٹ نے کمانڈرنیوی سیل ذوہیب نجم بیگ اور دیگر افسران کی جانب سے جدید طرز کی تربیت ایس ایس یو کے کمانڈوز کو فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیااور امید ظاہر کی کہ پاکستان نیوی کی جانب سے ایس ایس یو کے کمانڈوز کو تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ مقصود احمد نے کہا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کو آپریشنل استعداد میں اضافہ کے لیے جدید طرز کی پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ دہشت گردی کی کسی بھی کاروائی کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا جاسکے۔ آخر میں کمانڈنٹ ایس ایس یو مقصود احمد نے کمانڈر نیوی سیل ذوہیب نجم بیگ کو ایس ایس یو کی شیلڈپیش کی۔اس موقع پر کمانڈر نیوی سیل ذوہیب نجم بیگ نے کمانڈنٹ ایس ایس یو مقصود احمد کو شیلڈپیش کی۔