یوفون فٹبال کپ: نوشکال بلوچ اور ایکوا کی فائنل میں رسائی
کراچی(پ ر) یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے سیمی فائنلز آج ریلوے گراؤنڈ زرغون روڈ کوئٹہ میں کھیلے گئے۔اس چیمپیئن شپ کا پہلا سیمی فائنل نوشکال بلوچ فٹبال کلب اور افغان فٹبال کلب چمن کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مخالف گول پوسٹ پر متعدد حملے کئے تاہم پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ دوسرے ہاف میں نوشکال بلوچ فٹبال کلب کے کھلاڑی نثار مکہ نے افغان فٹبال کلب چمن کی دفاعی کمزوری کا فائدہ اٹھا کر پہلا گول کردیا اور اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی۔ ان کا واحد گول میچ کا فیصلہ کن گول ثابت ہوا، جس کے بعد فاتح ٹیم نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ اس ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ اور افغان فٹبال کلب پشین کے درمیان کھیلا گیا ۔ اس میچ میں ایکوا فٹبال کلب کے خانو نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔ یوفون کی جانب سے اس چیمپیئن شپ کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ صوبے میں فٹبال کو فروغ دیا جائے، نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل کیا جائے اور فٹبال کلبز کی طرف سے کھیلنے کے ساتھ انہیں اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع فراہم کیا جائے۔