ٹڈاپ سکینڈل ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

ٹڈاپ سکینڈل ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد
ٹڈاپ سکینڈل ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

  


کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اینٹی کرپشن عدالت نے ٹڈاپ سکینڈل میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی اینٹی کرپشن عدالت میں ٹڈاپ سکینڈل کی سماعت ہوئی جس کے دوران سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے 26 مقدمات میں سابق وزیر اعظم سمیت دیگر ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

دوران سماعت جب فرد جرم عائد کی گئی تو اس وقت جج نے یوسف رضا گیلانی کو الزام پڑھ کر سنایا اور کہا ’آپ کے اکاﺅنٹ میں 50 لاکھ روپے ٹرانسفر ہوئے ہیں جو آپ نے وزیر اعظم ہاﺅس میں وصول کیے، کیا آپ اس الزام کی تصدیق کرتے ہیں ؟‘۔ جج کے اس سوال پر پہلے تو یوسف رضا گیلانی اِدھر اُدھر دیکھتے رہے جس کے بعد انہوں نے پوچھا کہ کیا یہ سوال مجھ سے کیا جارہا ہے؟۔ یوسف رضاگیلانی نے خود پر عائد کیے جانے والے الزامات کو غلط قرار دیا اور کہا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو 16 اپریل کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ 2012 میں ٹڈاپ سکینڈل سامنے آیا تھا جس میں قرار دیا گیا تھا کہ جعلی کاغذات کے ذریعے جعلی کمپنیوں کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 26 مقدمات قائم ہیں ، ملزمان پر فریٹ سبسڈی کی مد میں 7 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔دیگر ملزمان میں طارق اقبال پوری، عبدالکریم داﺅد پوتا، محمد زبیراور عدنان زمان شامل ہیں، مقدمے میں 10سے زائد ملزمان اشتہاری بھی ہیں۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی /جرم و انصاف /علاقائی /سندھ /کراچی


loading...