بلاول نے کراچی سے ٹھٹھہ دو رویہ سڑک کا افتتاح کردیا
ٹھٹھہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلاول نے کراچی سے ٹھٹھہ دو رویہ سڑک کا افتتاح کرکے اسے عوام کیلئے کھول دیا۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کا تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہناتھا کہ ٹھٹھہ کراچی دورویہ سڑک شہریوں کیلئے تحفہ ہے ،سندھ حکومت شو بازی کے بجائے کا م کررہی ہے سندھ میں بہت مسائل تھے کچھ حل کر لئے گئے ہیں کچھ باقی ہیں،ہم کراچی سے بھی بہتر کام کرکے دکھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو دہشتگردی کا مقابلہ کر سکتی ہے اور خارجہ پالیسی بھی سنبھال سکتی ہے،پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت شوبازی تونہیں مگرکام ضرور کرتی ہے لیکن نام نہاد سیاسی جماعتیں مجھے کیوں نکالا اور دھرنوں میں لگی ہیں۔عوام کو مجھے کیوں نکالا؟ سے غرض نہیں ہے، عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں جبکہ بی آئی ایس پی(بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام) انقلابی پروگرام ہے جو غربت کا خاتمہ کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں جنوبی ایشیاکے سب سے بڑے د ل کے ہسپتال میں بالکل مفت علاج کردیاگیا ،سندھ واحدجگہ ہے کینسرکے علاج کیلئے سائبرنائف ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے دوسری جانب شہباز شریف نے پنجاب میں 10 سال میں ایک نامکمل ہسپتال کاافتتاح کیا جبکہ میں 2018 کاالیکشن جیت کرپاکستانیوں کیلئے صحت کامفت نظام چاہتاہوں ۔ان کا مزیدکہناتھا کہ ن لیگ نے روپے پروپیگنڈااور اشتہارات پر خرچ کیے لیکن ہم نے کینسرکے مرض کیلئے جناح ہسپتال میں سائبر نائف ٹیکنالوجی کا استعمال کیاہے جہاں سائبر نائف ٹیکنالوجی کے تحت کینسر کا مفت علاج کیاجارہاہے،اختلافات چھوڑ دیں مل کرکام کریں مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔