بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری ، مزید 4کشمیری شہید ، متعدد زخمی

بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری ، مزید 4کشمیری شہید ، متعدد زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر،برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ برقرار ہے ،گزشتہ روزفورسز کی فائرنگ سے 4کشمیری شہید اورمتعددزخمی ہوگئے،جبکہ 50یورپین اراکین پارلیمنٹ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک خط میں مقبوضہ کشمیرمیں نہتے شہریوں پر مہلک پیلٹ گن کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع شوپیاں اور ہندواڑہ میں بھارتی سکیورٹی فورسز نے نام نہاد آپریشن کے نام پر فائرنگ کر کے چار کشمیری شہید کر دئیے،جس کیخلاف علاقے کے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔ایک دوسرے واقعہ میں بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے ضلع کلگام میں متعدد کشمیریوں کوزخمی کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شوپیاں میں شہید ہونیوالے تین نوجوانوں میں سجا د کھانڈ ے ، عاقب احمد ڈار اور بشارت احمد میرشامل ہیں جنہیں فوجیوں نے یارون علاقہ میں تلاشی و محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے ایک اور نوجوان کو کپواڑہ کے علاقے لنگیٹ میں شہید کیا۔چار نوجوانوں کی شہادتوں کیخلاف شوپیاں، پلوامہ اور ہندواڑہ کے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ پلوامہ ، شوپیاں، کولگام ، بیج بہاڑہ ، سوپور اور ہندواڑہ کے علاقوں میں بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے گئے ۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام کے طلباء نے بھی کالج کیمپس میں بھارت مخالف مظاہرے کئے ۔ فوجیوں نے ضلع کولگام کے علاقے ٹنگ بل کجر میں ایک مکان کو آگ لگا دی ۔قابض انتظامیہ نے سوپور ، ہندواڑہ اور کپواڑہ کے علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی جبکہ تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم جاری کیا۔ادھرمقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ سرینگر کے علاقے آلوچی باغ میں واقع بھارتی فوجی بنکر کے قریب ایک زور د ھما کے میں ایک مکان اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا،دھماکہ کی آواز دو ردور تک سنائی دی گئی ۔ مقامی افراد کے مطابق بھارتی فوجی بنکر کے قر یب دھماکہ اتنا شدید تھا کہ متعدد گھروں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں،ایک سرکاری سکول ٹیچر کی لاش پراسرار حالت میں ضلع پونچھ کے علاقے بلنوئی جبکہ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سنبل میں دریائے جہلم سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش ملی ہے ۔دریں اثناء 50یورپین اراکین پار لیمنٹ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک خط میں مقبوضہ کشمیرمیں نہتے شہریوں پر مہلک پیلٹ گن کے استعمال پر پابندی عائد کرنے پر زوردیا ہے ۔ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے یورپی رکن پارلیمنٹ واجد خان نے بھارتی وزیراعظم کے نام یہ خط تحریر کیا ہے ۔خط میں خاص طورپر کہاگیا ہے پیلٹ گن کا استعمال ظلم و بربریت کی انتہا اور بین الاقوامی انسانی حقو ق کے قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ بھارتی فوجیوں کو حاصل استثنیٰ ناقابل دفاع ہے جو مسلسل جاری نہیں رہ سکتا ۔یورپین پارلیمنٹ کے 50 ممبران نے خط میں مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال پر فوری پابندی کا مطالبہ کیا ۔خط میں وزیر اعظم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے " ہم یہ خط تحریر کرنیوالے یورپین پارلیمنٹ کے منتخب ممبران مقبوضہ کشمیر کے عوام کیخلاف ایک عرصے سے مسلسل جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہا ر کر تے ہیں۔ ہمیں پیلٹ شاٹ گن کے استعمال پر خصوصی تشویش ہے جو مقبوضہ کشمیر میں سینکڑوں کشمیریوں کو اندھا ، ہلاک اور انہیں شدید خوف میں مبتلا کرنے کی ذمہ دار ہے۔ممبران پارلیمنٹ نے اپنے خط میں ایک میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں بتایا گیا تھا کس طرح پیلٹ گن کے ذریعے ایک 19 ماہ کے بچے کو بھی شدید زخم آئے۔ممبران یورپین پارلیمنٹ نے اپنے اس خط کی ایک کاپی خارجہ امور کی یور پین سربراہ فیدریکا موگرینی کو بھی بھیجی ، انہوں نے مزید تحریر کیا اْنہیں مقبوضہ کشمیر میں سرکاری اہلکاروں کی پبلک سیفٹی ایکٹ 1978 اور آرمڈ سرو سز سپیشل پاورز ایکٹ 1990 کے تحت عوام کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہر قسم کی قانونی کاروائی سے تحفظ پر بھی تشویش ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ شاٹ گن کے استعمال پر فوری پابندی عائد اور تمام اندرونی قوانین کی انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین سے مطا بقت پیدا، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سکیورٹی فورسز کو حاصل ہر طرح کا تحفظ ختم،پیلٹ شاٹ گن سے شہید افراد کے لواحقین کی بحالی اور زخمی افراد کے علاج کا پورا انتظام کیا جائے۔ خط پر جن ممبران پارلیمنٹ نے دستخط کئے ان میں واجد خان ، ایلکس مئیر، امجد بشیر ، جولی وارڈ ، سجاد کریم ، جوناتھن آرنٹ ، تھریسا گریفن ، ہیلگا سٹیونز ، جین لیمبرٹ ، جون ہاورتھ ، ڈیرک ووگن، ڈیوڈ مارٹن ، مارگریٹ آرکن ، بیرونس نوشینہ مبارک ، للیانہ روڈریگس ، اوری پالمر ، انیتھا میکن ٹائر، ماریا ارینا ، آرنڈ کوھن ،آنا گمس ، سی اون سائمن ،بارٹ سٹیس ، سوریا پوسٹ الہان کچک ،ایلینا ویلنسیانو ، جولی گرلنگ،ٹون کیلام، جوزے ایناسو فاریا۔ لوسی اینڈرسن ، رچرڈ کوربٹ ، جیوڈ کرٹن ڈارلنگ ، ماریا گیبریلا زوآنا، باربرا لوش بھلر، میری ہنیبال، کساباشوگور، مومچل نیکوو،لنڈا میکاوان،جیکپ والوندے،کلاز بشز، ایڈورڈ مارٹن ،جوزف ویڈن ہولزر ،ایواکیلی،ایووگن فرنڈ، برینڈو بینیفی،پال برینن،فابیو ماسیمو کیستالدو،جورڈی سولے ،آندرے میمیکنز،کلاڈ مورس اور کیرولین ناگنیگال شامل ہیں۔
مقبوضہ

مزید :

صفحہ اول -