نواز شریف کا طبی معائنہ ، معالجین کا انجائنا، گردوں کا مرض پیچیدہ ہونے پر اظہار تشویش

نواز شریف کا طبی معائنہ ، معالجین کا انجائنا، گردوں کا مرض پیچیدہ ہونے پر ...

لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد و سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا شریف میڈیکل کمپلیکس میں گزشتہ روزتفصیلی طبی معائنہ کیا گیا،معالجین آج ( جمعہ) کو دوبارہ طبی معائنہ کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف اپنے معالج ڈاکٹر عدنان کے ہمراہ جاتی امرا ء سے شریف میڈیکل کمپلیکس پہنچے ۔نواز شریف کی آمد سے قبل ارکان اسمبلی سمیت بڑی تعداد میں کارکن شریف میڈیکل کمپلیکس پہنچ گئے ۔نواز شریف نے اظہار یکجہتی کیلئے آنے والے رہنماؤں اور کارکنوں سے مصافحہ کیا اور اس کے بعد ہسپتال کے اندر چلے گئے ۔سابق وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر شریف میڈیکل کمپلیکس میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کی میڈیکل سٹی کمپلیکس آمد سے قبل ہی ایک وارڈ کو خالی کرا لیا گیا تھا۔ سابق وزیراعظم کے وارڈ میں غیرمتعلقہ شخص کو جانے کی اجازت نہیں تھی۔شریف میڈیکل کمپلیکس میں ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے علاوہ دل اور گردوں کے امراض کے سپیشلسٹ نے نوازشریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔کارڈیالوجی ،میڈیسن، نیفرالوجی اور یورالوجی کے پروفیسرز نے سابق وزیراعظم کی صحت کی موجودہ صورتحال، کیفیات اور علامات کا جائزہ لیا اور مشاورت کی ۔محمد نوازشریف کے تفصیلی معائنے کے بعد ٹیسٹ کرانے پر مشاورت کی گئی۔ معالجین کی جانب سے انجائنا کے درد اور گردے کے کام کرنے میں خرابی پر سخت اظہار تشویش کیا گیا اور ادویات تجویز کی گئیں۔بتایا گیا ہے کہ حکمت عملی ان ادویات کے اثرات کو دیکھنے کے بعد طے کی جائے گی ۔ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ نواز شریف طبی معائنے کیلئے شریف میڈیکل سٹی گئے تھے جہاں دل اور گردوں کی بیماری کے ماہرین نے ان کا معائنہ کیا اورانجائنا اور گردوں کے مرض پر تشویش کا اظہار کیا۔مریم نواز نے کہا کہ دل اور گردوں کے امراض مزید پیچیدہ اور سنجیدہ نوعیت کے ہو گئے ہیں ۔معالجین محمدنوازشریف کا آج ( جمعہ)کو دوبارہ طبی معائنہ کریں گے اور انہیں آرام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نوازشریف 2 گھنٹے سے زائد وقت تک ہسپتال میں رہے ۔سابق وزیراعظم نوازشریف طبی معائنے کے بعد شریف میڈیکل کمپلیکس سے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا روانہ چلے گئے ۔نواز شریف نے گزشتہ روز بھی اپنے والد میاں محمد شریف، بھائی عباس شریف اور اہلیہ کلثوم نواز کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔

نوازشریف/طبی معائنہ

مزید : صفحہ اول