غربت کا خاتمہ جہاد کے مترادف ، عوام کی پسماندگی دور کرنے کیلئے اقدامات کرینگے: عثمان بزدار
رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ جہاد کے مترادف ہے اوریہ جہاد ضرور کریں گے، معاشرے کے پسماندہ اور محروم افراد کی معاونت حکومت کا فرض اولین ہے لہٰذا عوام کی پسماندگی دور کرنے کیلئے میسر وسائل سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر شوکت علی لالیکا، صوبائی وزیر آبپاشی محمد محسن لغاری،صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی اور صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجازعالم سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر محکموں کے امور ، کارکردگی اور عمومی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صحت، تعلیم، رہائش اور اچھی خوراک ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ پنجاب میں تاریخ کا بہترین بلدیاتی نظام لائیں گے۔ غربت کے خاتمے کیلئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ زکوٰۃ وعشر کے نظام کو موثر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے، پنجاب میں محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں اقلیتوں سے متعلق فلاحی منصوبوں کی جلد اور یقینی تکمیل چاہتے ہیں ۔ صوبائی وزراء نے وزیراعلیٰ کو اپنے محکموں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے کیمیکل ڈور سے جاں بحق ہونے والے فیصل آباد کے محمد وقاص کے اہل خانہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں متوفی محمد وقاص کے والدین اور بھائی محمد شہباز شامل تھے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب اور ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متوفی محمد وقاص کے اہل خانہ سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور افسوسناک واقعہ پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم کے والدین کو 5 لاکھ روپے مالیت کا امدادی چیک دیا۔ وزیراعلیٰ نے متوفی محمد وقاص کے بھائی کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت خاندان کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں گھر بھی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے سخت ہدایات جاری کی ہیں اور کیمیکل ڈور تیار کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے گزشتہ روز چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور گورننس کومزیدبہتر بنا کر کاروبار میں آسانیاں پیدا کریں گے ۔ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو کاروبار کرنے کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے اور کاروباری سرگرمیاں تیز کرنے کے عمل میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔بعدازاں ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور لاہور ڈویژن کے انتظامی و پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ افسران عوام کی مشکلات حل کرنے میں موثر انداز میں بھرپورکردار ادا کریں ، دباؤ یا سفارش کو کسی بھی صورت خاطر میں نہ لایا جائے اور ناجائز کام کسی کا بھی نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو تبدیلی واضح طو رپر نظر آنی چاہیے اور اس ضمن میں ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے عوام کو تبدیلی کا احساس ہو۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رٹ آف دی گورنمنٹ ہر مقام او رہر وقت نظر آنی چاہیے جبکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے ، کرپشن کے خاتمے اور فلڈ پلان سمیت دیگر نکات پر خصوصی توجہ دی جائے ، ڈپٹی کمشنرز او رڈی پی اوز مشترکہ کھلی کچہریاں لگائیں۔انہوں نے کہاکہ مجھے پوری امید ہے کہ میری ٹیم مجھے مایوس نہیں کرے گی کیونکہ پالیسیاں کافی نہیں،عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ اجلاس میں مال روڈ پر مظاہروں پر پابندی کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیاجبکہ نیب عدالت کو ٹھوکر نیاز بیگ منتقل کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا ۔اجلاس میں آرپی او ڈیرہ غازی خان ڈویژن نے جرائم کے خاتمے کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انتظامی و پولیس افسران نے وزیراعلیٰ کو گڈ گورننس کے لئے تجاویز اور سفارشات بھی پیش کیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب