تھیٹرز اور ڈرامہ سوسائٹی میں تبدیلی لانے کا موثر ذریعہ : صمصام بخاری

تھیٹرز اور ڈرامہ سوسائٹی میں تبدیلی لانے کا موثر ذریعہ : صمصام بخاری

لاہور،اوکاڑہ(نیوز رپورٹر،بیورورپورٹ)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے پلازہ سینما کا بحیثیت پلازہ تھیٹر افتتاح کر دیا اس موقع پر شوبزنس سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ تھیٹراور ڈرامہ سوسائٹی میں تبدیلی لانے کا موثر ذریعہ ہے۔ بد قسمتی سے پچھلے کچھ عرصے سے تھیٹر کا وہ معیار برقرار نہیں رہا جوہونا چاہئے۔انہو ں نے کہا کہ تھیٹر سے ایسے ڈرامے پیش ہونے چاہئیں جنہیں لوگ اپنی فیملی کے ساتھ دیکھ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت ہمارا تھیٹر جو ڈرامے پیش کر رہا ہے وہ ہماری ثقافت کی صحیح تصویر کشی نہیں ہے۔ڈرامہ نویسوں کو ایسے ڈرامے لکھنے ہوں گے جو صحت مند تفریح کے ساتھ ساتھ عوام کی تربیت بھی کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں شیکسپیئر اور آغا حشر کاشمیری کے ڈراموں نے اپنے اپنے معاشرے میں عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ آج کے دور کا ڈرامہ بھی وہی مثبت روایات اپناتے ہوئے ہمارے معاشرتی رویوں کی صحیح عکاسی کرے اور تھیٹر کے ڈراموں میں ہماری ثقافت کے مطابق چادر چار دیواری اور باہمی عزت و احترام کی روایت نئے سرے سے قائم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ادب ، شاعری ، ڈرامہ ، تھیٹراور فلم عام لوگوں کی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔اس لیے تھیٹر کو احتیاط کے ساتھ سماجی تقاجوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے استعمال کیا جائے ۔ اس موقع پر تھیٹر کے مالک جہانزیب بیگ نے بتایا کہ پلازہ تھیٹر 1933ء میں ساگر کے نام سے قائم ہوا اور1985ء میں اسے پلازہ سینما میں تبدیل کر دیا گیا۔اب اس کو دوبارہ تھیٹر کا روپ دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصا م علی شاہ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں عوام کی تکالیف کے ازالے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ ہمارے دروازے عوام کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف یوتھ ضلع اوکاڑہ کے صدر راؤ علی اعجاز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ہی تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔ عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے اور جس تبدیلی کا خواب دیکھا تھا وہ ضرور پورا ہو گا۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عوام کی خدمت کا جو موقع دیا ہے اسے ضائع نہیں کریں گے۔ ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں مدد ملے گی ۔

مزید : صفحہ آخر