باشعور عوام بلاول کے ایک اشارے پر لبیک کہنے کو تیار ہیں،مرتضی وہاب

باشعور عوام بلاول کے ایک اشارے پر لبیک کہنے کو تیار ہیں،مرتضی وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کاروان بھٹو میں بلاول بھٹو کے تاریخی استقبال پر سندھ کے سپوتوں کو سلام تحسین پیش کرتے ہیں سندھ کے غیور عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بھٹو کے نواسے سے والہانہ محبت کرتے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ باشعور عوام بی بی شہید کے شہزادے کے ایک اشارے پر لبیک کہنے کو تیار ہیں۔صوبائی مشیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں رہنے والی جماعت ہے جس نے آمریت میں بھی کبھی اپنے گھٹنے نہیں ٹیکے پاکستان پیپلز پارٹی عوامی طاقت کا سرچشمہ ہے بھٹو اور اس کے نواسے سے عوام کی والہانہ عقیدت و محبت اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔مشیرا طلاعا ت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی ناپختگی اور احمقانہ فیصلوں کے باعث عوامی مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے روٹی ،کپڑا اور مکان کو عوام سے دور کردیا گیا۔روزگار کی فراہمی کے نام نہاد دعویداروں نے عوام کو بھوک اور افلاس کی کھائیوں میں دھکیل دیا ہے۔انہو ں نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کٹھ پتلی حکومت کی ناقص اور معتصبانہ پالیسیاں عوام اور جمہوریت دشمن ہیں۔ہم نے ہمیشہ انتقامی سیاست کی حوصلہ شکنی کی ہے جبکہ پی ٹی آئی اس وقت ہمارے سیاسی و جمہوری حق کو صلب کر رہی ہے۔وزیراعلی سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شروع ہونے والا کاروان بھٹو مستقبل میں پاکستان کی جمہوریت کو مزید مستحکم کرے گاجس کے دورس ثمرات عوام کو میسر آ سکیں گے ۔

مزید : صفحہ اول