پنشن کی بر وقت ادائیگی یقینی بنائی جارہی ہے،اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ

پنشن کی بر وقت ادائیگی یقینی بنائی جارہی ہے،اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اکاؤ نٹنٹ جنرل سندھ غفران میمن نے کہا ہے کہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو واجبات کی ادائیگی اور خصوصاً پینشن کے بروقت اجراء کے ضمن میں بھر پور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع میں پینشن سینٹرز کے قیام کے سلسلے میں ٹھٹھہ میں ایسے ہی ایک مرکز کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاؤ نٹس آفیسر ٹھٹھہ منظور وگھیوبھی موجود تھے۔یہ سینٹر ٹریژری آفس ٹھٹھہ میں قائم کیا گیا ہے جہاں سے ہر ماہ ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے اکاؤنٹ کے ذریعے پینشن کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اے جی سندھ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پنشن کی ادائیگی کے آن لائن سسٹم کے اجراکا مقصد پینشنرز کی شکایات کا خاتمہ کرنا اور انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کے بغیر پینشن کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ملازمین نے جی پی فنڈ اپنے اضلاع میں منتقل کروائے ہیں ان کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اضلاع کی سطح پر جی پی فنڈ سینٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں ضرورت پڑنے پر اپنے جی پی فنڈ کے حصول کے لئے پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اے جی سندھ اور تمام ٹریژری دفاتر صوبائی حکومت کے ملازمین اور پنشنرز کی مشکلات کے خاتمے کے لئے نظام میں اصلاحات کے جامع منصوبے پر کام جاری ہے تاکہ انہیں درپیش مسائل اور مشکلات کو جلد از جلد دور کیا جاسکے۔ انہوں نے ٹریژری آفس کے ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملازمین اور پنشنرز کے مسائل کے جلد از جلد حل کو یقینی بنائیں تقریب میں ٹریژری آفس ٹھٹھہ کے دیگرافسران اور ملازمین بھی موجود تھے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر