پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ، ایئر ٹریفک کے بعد سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ ، بلوچستان نے قیدیوں کی سزاﺅں میں کمی کر دی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ، ایئر ٹریفک کے بعد ...
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ، ایئر ٹریفک کے بعد سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ ، بلوچستان نے قیدیوں کی سزاﺅں میں کمی کر دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )کورونا وائرس کے وار اس وقت پوری دنیا میں جاری ہیں تاہم پاکستان میں لاک ڈاﺅن کے باوجود بھی شہریوں کے مکمل تعاون نہ کرنے کے باعث کورونا وائرس کے کسیز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہاہے ۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہ افراد کی تعداد 1526 تک جا پہنچی ہے جبکہ 13 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔  کورونا وائرس سے متاثرہ 11 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے تاہم 28 صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں ۔
صوبہ پنجاب کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ بن گیاہے جہاں مریضوں کی تعداد 558 تک جاپہنچی ہے ، سندھ میں 481 ، کے پی کے میں 188 ، بلوچستان میں 138 ، گلگت بلتستان میں 116 ، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد دو ہو گئی ہے ۔

دنیا میں کورونا وائرس کی صورتحال

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 65 ہزار 164 پر پہنچ گئی ہے جبکہ 30 ہزار 852 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں تاہم ایک لاکھ 40 ہزار 222مریض صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں۔کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک اب امریکہ بن گیا ہے جہاں اس وقت ایک لاکھ 24 ہزار 665 افراد کورونا کے مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں اور 2 ہزار 191 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔سب سے زیادہ اموات اس وقت اٹلی میں ہو رہی ہیں جہاں وائرس کے باعث مرنے والوں کی تعداد دس ہزار 23 ہو گئی ہے جبکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 92 ہزار 472 ہے۔


بلوچستان میں قیدیوں کی سزاﺅں میں کمی کا فیصلہ

بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث قیدیوں کی سزاوں میں کمی کافیصلہ کیا ہے ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے کہاہے کہ قیدیوں کی سزاوں میں 4 ماہ معافی کااعلان کیا گیا ہے،معافی کااطلاق دہشتگردی،سنگین جرائم والے قیدیوں پرنہیں ہوگا۔

ایئر ٹریفک معطلی کے بعد سرحدیں بھی بند کرنے کا فیصلہ

قومی رابطہ کمیٹی نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے 4 اپریل تک اندرون وبیرون ملک ایئر ٹریفک معطل اور دوہفتوں تک مشرقی و مغربی سرحدیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں کو قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ 29مارچ سے چار اپریل تک باہر جانے والی پروازوں پر بھی ممانعت اورایئرٹریفک کو بند رکھا جائے گا۔

ن لیگ کا کورونا فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ

مسلم لیگ (ن) نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے “کورونا فنڈ” قائم کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر فنڈ ریزنگ کا فیصلہ کیا ہے۔وڈیو لنک اجلاس احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت ہوا، اس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا فنڈ میں پنجاب سے ہر سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی سے فی کس ایک ایک لاکھ روپے، ارکان صوبائی اسمبلی، ضلعی صدور و جنرل سیکریٹریز سے فی کس 25، 25 ہزار روپے لیے جائیں گے۔

چین نے دوستی کا حق ادا کر دیا

چین کے شہر ووہان سے ایک اور طیارہ طبی سامان اور آلات لے کر پاکستان پہنچ گیاہے۔چین سے آنے والا یہ پانچواں طیارہ ہے ، چین سے6 ٹن وزنی طبی سامان فضائیہ کے طیارے سی ون 30 پر لایا گیا ، جس میں 15 وینٹی لیٹرز ،تین لاکھ میڈیکل ماسک ، 20 ہزار این 95 ماسک موجود سمیت دیگر آلات موجود ہیں۔این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے چین کی جانب سے اس مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر شکریہ اد ا کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستانی قوم اور حکومت پاکستان کی جانب سے چین کا شکریہ ادا کرتاہوں۔