ہائیر ایجوکیشن نے پرنسپلز کی آسامیوں کیلئے نئی پالیسی تشکیل دیدی

ہائیر ایجوکیشن نے پرنسپلز کی آسامیوں کیلئے نئی پالیسی تشکیل دیدی

  

لاہور(خصوصی رپورٹر) پنجاب کے تمام سرکاری کالجز میں پرنسپلز کی خالی آسامیوں کیلئے محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے نئی پالیسی تشکیل دی ہے۔ نئے تجویز کردہ پالیسی فریم ورک کے تحت پرنسپلز کی سلیکشن اب ایک خاص طریقہ کارکے تحت کی جائے گی یہ فیصلہ محکمہ کے نئے اصلاحاتی ایجنڈے کو مدد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا یے۔ صوبائی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ندیم محبوب نے کہا کہ پنجاب میں معیار تعلیم اور شعبہ تعلیم کو موثر انداز میں بین الاقوامی جدید تقاضوں کے ساتھ لیکر آگے چلنے کیلئے یہ ایک مثبت حکمت عملی ہے،محکمہ میں جدید ریفارمز کے تحت انتظامی امور میں بہتری کے ساتھ ساتھ پنجاب کے کالجز کے انتظامی امور کو بھی بہتر بنانے کیلئے اہم پالیسی  اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 

پرنسپلز کی سلیکشن کے حوالے سے تمام امیدواروں کی  مناسبت جانچنے کیلئے ایک خصوصی کمیٹی سکروٹنی کا عمل انجام دے گی۔ تمام امیدواروں کو ان کی سنیارٹی، قابلیت، انتظامی امور چلانے کیلئے تجربہ اور دیگر اہم خصوصیات کی بنا پر شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک اعلی سطح کی کمیٹی جس کی صدارت صوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز  کریں گے، امیدواروں کے انٹرویوز کرے گی۔ تاکہ ہر خالی آسامی کیلئے مناسب امیدوارچنا جاسکے۔ اس وقت خالی آسامیوں کیلئے  کالجز کے موجودہ سینئر ٹیچرز کو ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ کالجز کے امور چلانے میں کسی قسم کا کوئی خلل واقع نہ ہو۔ ندیم محبوب کا مزید کہنا تھا کہ کالجز کے امور کی باقاعدہ انجام دہی، احسن طریقے سے اس کی مینجمنٹ چلانے کیلئے اور تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کیلئے پرنسپل کا رول انتہائی اہم ہے، اس لئے بلا ترتیب و مقابلہ  کسی قسم کی تقرری سے ناصرف اداروں کا نقصان ہوتا ہے بلکہ طلباء کی پڑھائی پر بھی برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس لئے نئے سلیکشن پراسیس کے ذریعے پرنسپلز کی تقرری کو کمپیٹیٹیو بنایاجارہا ہے۔ جس سے میرٹ اور شفافیت  کو فروغ ملے گا۔تعلیمی نظام کی بہتری اور اسکو مزید کمپیٹیٹیو بنانے کیلئے محکمہ جلد ہی "کالج آف دی ائیر" کے نام سے سالانہ مقابلے کا آغاز بھی کر رہے ہے۔ یہ مقابلہ پنجاب کے تمام سرکاری کالجز کے درمیان کروایا جائے گا۔ صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں اس مقابلے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ اس سلسلے میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے ہیڈکوارٹرز میں ایک سپیشل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پنجاب کے تمام سرکاری کالجز کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور تعلیمی سال کے آخر میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس مقابلے کیلئے پالیسی فریمورک تشکیل دیا گیا ہے جس میں کالجز کو پہلے سے طے شدہ فارمولے کے ذریعے جانچا جائے گا۔ اس فارمولے میں اساتذہ کے پڑھانے کے طرز کے ساتھ ساتھ کیمپس پر ڈسپلن، انتظامی امور میں مثالی کارکردگی اور معیار تعلیم وغیرہ شامل ہیں۔ یہ مقابلہ ضلعی سطح سے ہوتے ہوئے ڈویڑنل اور پھر صوبائی سطح پر کیا جائے گا۔ ان مقابلوں سے پرنسپلز، ٹیچرز اور طلباء  کی حوصلہ افزائی ہو سکے گی اور مقابلے کی مثبت فضا قائم ہو گی جس سے معیار تعلیم میں بہتری سامنے آئے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -