محکمہ ایٹی کرپشن کا راجن پور میں آپریشن، 32سو کنال اراضی واگزار

محکمہ ایٹی کرپشن کا راجن پور میں آپریشن، 32سو کنال اراضی واگزار

  

 لاہور(سپیشل رپورٹر) اینٹی کرپشن کے قبضہ مافیا کے خلاف تابڑ توڑ وار جاری ہیں۔ راجن پور کے علاقے میں اینٹی کرپشن کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری کا مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ راجن پور کے علاقے موضع راکھ کوٹ مٹھن سے 3200 کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی۔واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 80 کروڑ روپے ہے۔صوبائی حکومت کی ملکیت زمین پر عرصہ دراز سے با اثر قابضین مسلط تھے۔ قابضین کے زیر استعمال رقبہ نو گو ایریا بنا ہوا تھا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عبدالشکور قیصرانی کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا میگا آپریشن کیا گیا۔تمام رقبہ واگزار کروا کے محکمہ مال کے حوالے کردیا گیا۔قابضین سے تاوان کی وصولی یقینی بنانے کے لئے محکمہ مال کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ دوسری جانب اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ (ن)کی رہنما مائزہ حمید کے شوہر عمر ارشد گجر اور تہمینہ دولتانہ کے بھائی زاہد دولتانہ کو آج بروز(پیر) کو طلب کر لیا۔اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ ڈی سی وہاڑی نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو عمر ارشد گجر اور زاہد دولتانہ کیخلاف اندراج مقدمہ کے دو الگ الگ ریفرنس بھیج دئیے ہیں، جس کے متن کے مطابق دونوں نے محکمہ انہار کے افسران کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو کروڑں کا نقصان پہنچایا۔ریفرنس کے متن کے مطابق عمر ارشد گجر وہاڑی میں محکمہ انہار کی 63کنال قیمتی سرکاری اراضی پر قابض ہیں۔ریفرنس کے متن میں ہے کہ میاں زاہد دولتانہ گزشتہ 15سال سے محکمہ انہار کی 48ایکڑ زمین پر قابض ہیں۔علاوہ ازیں محکمہ اینٹی کرپشن نے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو پی پی ایس سی سکینڈل کی زد میں نہ آنے والی آسامیوں پر بھرتی مکمل کرنے کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا۔ اینٹی کرپشن ایڈمن ونگ نے اس حوالے سے مراسلہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو ارسال کر دیا۔ اینٹی کرپشن میں اسسٹنٹ گریڈ سولہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل گریڈ سترہ، اکاؤنٹ آفیسر گریڈ سترہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنکل گریڈ سترہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر گریڈ اٹھارہ میں سے کوئی پرچہ لیک نہیں ہوا۔ان آسامیوں پر بھرتی ہونے والے کامیاب امیدواران کو اپوائنٹمنٹ لیٹرز جاری کردئے جائیں۔اینٹی کرپشن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر گریڈ سترہ اور انسپکٹر گریڈ سولہ کا پرچہ لیک تھا جسے پی پی ایس سی کینسل کر چکا۔لیک شْدہ بارہ پرچوں کے حوالے سے پی پی ایس سی 28 جنوری کو پریس ریلیز جاری کرچکا ہے۔

اینٹی کرپشن 

مزید :

صفحہ آخر -