ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع، خیبر پختونخوا کے 11اضلاع اور لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن کی سفارش، کوئٹہ میں دفعہ 144نافذ، تین ہفتوں کیلئے ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ 

      ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع، خیبر پختونخوا کے 11اضلاع ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) کورونا کی تیسری لہر سے ملک بھر میں مزید 57 افراد  جاں بحق ہونے کے بعد، اب تک مہلک وائرس سے ہونیوالی اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 215 تک پہنچ گئی ہے۔ این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران 45 ہزار 656 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4 ہزار 767 افراد کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ مہلک وائرس سے 6 لا کھ 54 ہزار 591 افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 44 ہزار 447 ایکٹو کیسز ہیں جبکہ کورونا سے متاثر 3 ہزار 43 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا سے 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 647 مریض صحت یاب ہوئے جبکہ مرض کو شکست دینے والے افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار 929 ہو گئی ہے۔ دوسری طرف کورونا کی صورتحال روز بروز خطرناک ہونے کے سبب پنجاب حکومت نے صو بے بھرمیں لاک ڈاون کا عندیہ دیدیا، این سی او سی اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ لاہور کے مزید 27 اور فیصل آباد کے انیس علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون نافذکر دیا گیا۔ جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس تیزی سے زندگیاں نگلنے لگا، 19 افراد کورونا سے جاں بحق ہو گئے۔جبکہ 1 ہزار 725 ریکارڈ کیسز سامنے آ گئے۔ کورونا سے پنجاب بھر میں 39 افراد جان کی بازی ہار گئے۔لاہور میں کورونا وائرس کی شرح میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور شہر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1725 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ محکمہ صحت پنجاب نے کیسز بڑھنے کے بعد مکمل لاک ڈاون کی تجویز دیدی ہے۔ سیکرٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے ہماری تجویز ہے کہ 10 سے 14 دن لوگوں کا میل جول مکمل طور پر بند کیا جائے اور کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایکشن لیتے ہوئے لاہور میں ماسک نہ پہننے پر  اسلام پورہ، کریم پارک اور شاد باغ سے 40 افراد کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کر لیا گیا، بغیر ماسک سواریاں بٹھانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی بھی پکڑ دھکڑ جاری ہیصوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا کیسز میں ہوشربا اضافے کے بعد محکمہ صحت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ نے مکمل لاک ڈاؤن کی سفارشات تیار کر لی ہیں۔ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی انسداد کورونا کے سامنے لاہور کو مکمل لاک ڈاؤن کرنے کی سفارش کی جائیگی۔ لاہور میں تمام شادی ہالز، ریسٹورنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کی سفارش کی جائیگی۔لاہور میں تمام کاروباری مقامات، مارکیٹس کو مکمل بند کرنے کی بھی تجویز دی جائیگی۔ محکمہ صحت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے سفارشات رکھیں گے۔محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے لاہور میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 23 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ حالات مزید بگڑ رہے ہیں۔ لاہور کو مکمل لاک ڈاؤن نہ کیا تو حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے۔ دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے ملک میں کورونا وبا کی تیسری لہر کے باعث وبا کے زیادہ پھیلا ؤ  والے علاقوں میں 29مارچ سے لاک ڈاؤن جبکہ 5اپریل سے ملک بھر میں شادی کی انڈور و آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی لگادی ہے این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کورونا پھیلا والے علاقوں میں 29مارچ پیر سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔سماجی، ثقافتی اور سیاسی جلوسوں سمیت تمام تقریبات پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے تاہم ملک بھرمیں انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقاریب پر پابندی 5اپریل سے ہوگئی، این سی او سی کی عائد پابندیاں فوری طور پر نافذہوں گی جبکہ صوبے اس سے پہلے حالا ت کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی لگا سکتے ہیں، صوبے این سی اوسی کے دیے گئے ویکسی نیشن ہدف کو بروقت پورا کریں۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ سے متعلق حتمی فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا،تمام زمینی، فضائی اور ریلوے کا ڈیٹا دیکھ کر فیصلہ کیا جائیگا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 71 بچے کورونا وباء کا شکار ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 6 ہزار460 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے میں ایک سے 10 سال کے 71 بچے کورونا وباء سے متاثر ہوئے ہیں۔اسکے علاوہ اسلام آباد میں، 11سے 20 سال کے51 بچوں کی کورونا رپورٹ مثبت آئی ہے۔اسلام آباد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فی صد سے زائد ہوگئی ہے،وفاقی دارلحکومت کے 12سب سیکٹرز میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی کے پیش نظر ڈی ایچ او اسلام آباد نے ان 12 سب سیکٹرز کو ریڈ زون قراردیدیا۔ڈی ایچ او ڈاکٹر ضعیم ضیاء نے ان سب سیکٹرز میں نقل و حمل محدود کرنے کی سفارش کر تے ہوئے کہا ہے ان علاقوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائی جائے۔ صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے 3علاقوں میں مکمل لاک ڈاون لگایا گیا ہے جن میں ڈی سی کالونی، راہوالی اور واپڈا ٹان شامل ہیں۔ تینوں علاقوں میں گوشت، دودھ اور بیکریاں صبح 7 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ جبکہ پیٹرول پمپس، کریانہ اور سبزی کی دکانوں کو صبح9 سے شام 7 تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے پشاور میں کورونا مثبت کیسوں کی شرح 28 اور سوات میں 26 فیصد ہوگئی۔وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق صوبے میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے۔ نوشہرہ میں کورونا مثبت کیسوں کی شرح 19 فیصد، بونیر میں 16 فیصد، مردان اور مالاکنڈ میں 12 فیصد جب کہ باجوڑ، چارسدہ اور صوابی میں 11 فیصد ہے۔ پشاور، مردان اور سوات میں اسپتالوں کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں۔دوسری جانب کورونا کیس رپورٹ ہونے پر پشاور کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پشاور کے مزید 9 علاقوں میں مائیکروسمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا گیا ضلعی انتظامیہ نے لاک ڈاؤن کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن اتوار کی شام چھ بجے سے نافذ کیا گیا۔مائیکروسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے ان آؤٹ انٹری بند کر نے کا اعلان کیا گیا۔دوسری طرف کوورونا وائرس کی تیسری لہر اور بڑھتے کیسز کے پیش نظر مسافر ٹرینوں کوایک بارپھر 3ہفتے کیلئے بند کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق کورونا ایس او پیز کی وجہ ٹرینوں کی ابھی 70فیصد بکنگ کی جا رہی ہے جبکہ اگلے 2روز میں ٹرینوں کیلئے بکنگ 50فیصد کر دی جائے گی۔رواں ہفتے کے اختتام پر نصف مسافر ٹرینوں کو بند کیا جائے گا اور صورتحال ٹھیک نہ ہونے پرمسافر ٹرینیں وقتی طور پربندہوسکتی ہیں۔راولپنڈی پولیس کی جانب سے کورونا ایس او پیز اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر کاوروائیاں جاری ہیں،43مقدمات درج کرلئے گئے جبکہ 60افراد کوگرفتارکرلیاگیا۔ کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کی ہدایت پربس اڈوں کی چیکنگ، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 15 مسافر بسیں بند، ایک لاکھ 30 ہزار کا جرمانہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ نے 150 مسافربسوں اور ویگنوں کو چیک کیا۔ ماسک کی پابندی نہ کرنے پر مسافروں اور بس عملے کو 30 ہزا ر روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔فیصل آبا د میں ضلع بھر میں لاک ڈان اور کورونا ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں گذشتہ روز 13شاپنگ مالز اور 22 ریسٹورنٹس اور چار نجی تعلیمی اداروں کو سیل کردیا گیاجبکہ مالکان کو 24 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث 9افراد کے انتقال اور 979نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد 11اضلاع میں مکمل لاک ڈاؤن کرنے پر غور شروع کردیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ محمود خان اور چیف سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کو صوبے میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کرنے کی تجویز دی گئی کیونکہ ہفتے میں دو چھٹیوں کا منصوبہ کارگر ثابت نہ ہوسکا۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر محکمہ داخلہ بلوچستان نے کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ کردی۔محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ میں دفعہ 144 کا نفاذکردیا گیا ہے۔ دفعہ 144 کے تحت شہر میں اجتماعات، دھرنوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی ہوگی۔
 لاک ڈاؤن

مزید :

صفحہ اول -