مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ، 2نوجوان شہید،پولیس اہلکار نے ساتھی کو قتل کر دیا 

  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ، 2نوجوان شہید،پولیس اہلکار نے ساتھی ...

  

   سری نگر(آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی  فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے، شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، قابض فوج نے ضلع شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران فائرنگ کرکے نوجوانوں کو شہید کردیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں آپریشن کے دوران 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا جب کہ رواں ماہ نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 13 سے تجاوز کرچکی ہے۔ ضلع اودھم پورمیں گزشتہ رات ایک سپیشل پولیس افسر (ایس پی او) نے اپنے ساتھی کو گولی مار کرقتل کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایس پی او نے جس کی شناخت منوہر لال کے نام سے ہوئی ہے،گزشتہ رات ادھم پور مارکیٹ میں سینئر گریڈ کانسٹیبل کاکا رام پر اپنی اے کے 47 رائفل سے فائرنگ کی۔حکام نے بتایا کہ زخمی کانسٹیبل کو ڈسٹرکٹ اسپتال لایا گیا جہاں سے اسے ادھم پور کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ ضلع پونچھ کے علاقے چیکترو کے قریب دریاسے ایک 58 سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ خاتون کی شناخت شریفہ بی بی زوجہ نور دین کے طورپرہوئی ہے جو ضلع میں منڈی کے علاقے داناڈوئی کی رہائشی ہے۔ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ایک کشمیری نوجوان کی غیر قانونی نظربندی کے احکامات کو کالعدم قراردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جسٹس راجیش اوسوال پر مشتمل بینچ نے پبلک سیفٹی ایکٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکام کو غیر قانونی طورپر نظربند عاشق احمد کو جلد از جلد رہا کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس اوسوال نے کہا کہ نظربندی کی وجوہات سے پتہ چلتا ہے کہ حکام نے حکم جاری کرتے ہوئے تین ایف آئی آر پر انحصار کیا ہے۔ یہ تمام ایف آئی آرز 2016 میں درج کی گئی ہیں جب کہ نظربندی کا حکم 6 اگست 2019 کو جاری کیا گیا ہے۔ 

مقبوضہ کشمیر

مزید :

صفحہ اول -