چین سے تعلقات میں مخاصمت، مقابلہ فروغ پذیر، تعاون کی گنجائش بھی موجود: امریکی وزیر خارجہ 

  چین سے تعلقات میں مخاصمت، مقابلہ فروغ پذیر، تعاون کی گنجائش بھی موجود: ...

  

 واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکی وزیر خارجہ انیٹونی بلنکن نے چین کیساتھ تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقینا ان میں مخاصمت اور مقابلہ فروغ پذیر ہے لیکن اس کیساتھ ساتھ تعاون کے متعدد علاقے بھی موجود ہیں۔ ان کا اتوار کے روز ”سی این این“  ٹی وی چینل کے ساتھ یہ خصوصی انٹرویو ایسے وقت نشر ہوا جب ایک روز قبل امریکہ نے چین کی ان پابندیوں کی مذمت کی جو اس نے امریکہ کے دو مذہبی حکام اور کینیڈا کے ایک قانون دان پر عائد کی تھیں۔ یہ افراد چین کے ایغور مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کیخلاف حکومتی جبرو تشدد پر احتجاج میں پیش پیش تھے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ چین نے کروناوائرس کے آغاز کے بارے میں معلومات فراہم کرنے سے جو گریز کیا ہے اس پر امریکہ اس کیخلاف کوئی تادیبی کارروائی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایسے اختلافات میں الجھنے کی بجائے اس وباء کی عالمی سطح پر بیخ کنی کرنے کی اہمیت کہیں زیادہ ہے۔ مسٹر بلنکن قبل ازیں نیٹو اجلاس میں بھی روس، چین اور افغانستان کے حوالے سے بائیڈن انتظامیہ کی پالیسی کا اظہار، جن کا لہجہ ان کے پیشرو وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی نسبت بہت معتدل اور میانہ روی کا ہے۔ وزیر خارجہ بلنکن نے یقینا کرونا وائرس کے حوالے سے ماضی کے معاملات کا احتساب کرنے اور اسے شفاف رکھنے کا ذکر کیا لیکن اصل زور آئندہ کیلئے مضبوط نظام تشکیل دینے پر دیا۔

امریکہ 

مزید :

صفحہ اول -