بلدیاتی انتخابات میں دیانتدار قیادت کا انتخاب کیا جائے، حسین محنتی
کراچی(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ قوم آنے والے بلدیاتی انتخابات میں دیانتدار اور محب وطن و باصلاحیت قیادت کا انتخاب کرے، پاکستان کے تمام مسائل کی جڑ دین بیزار، بددیانت اور نااہل قیادت ہے۔ جس نے پاکستان کو بدترین معاشی و معاشرتی تباہی کے دہانے لاکھڑا کیا ہے۔گذشتہ 73سالوں سے ملک پر مسلط ٹولے نے مقاصد پاکستان کی راہ کھوٹی کی ہے۔ تقویٰ اور پرہیزگاری تحریک اسلامی کے ارکان وکارکنان کا بنیادی وصف ہونا چاہئے، تحریک کا حصہ بننے کے بعد ہمارے نجی معاملات زندگی کا شریعت کے مطابق ہونا انتہائی ضروری ہے۔بڑی تعداد میں عوام الناس کو دعوت کے ذریعے ذہن سازی اور تربیت کے بعد جماعت اسلامی کا حصہ بنانا ہے، افرادی قوت میں وسعت کے نتیجے میں ہی ہم تبدیلی کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعتہ الہدیٰ سیٹلائٹ ٹاوْن میں جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت منعقدہ خصوصی اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع میرپورخاص محمد افضال آرائیں،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، مقامی امیرحاجی نور الاہی مغل، راشد آرائیں اور محمد رفیق چوہان بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے اپنے خطاب میں مذید کہا کہ نوجوان نسل کو جدید ہتھکنڈوں کے ذریعے بے راہ روی اور بے مقصدیت کی طرف دھکیلا جارہا ہے، شیطانی طاقتوں کے حربوں کو شکست دینا ہوگی۔ نوجوان امت مسلمہ کا سرمایہ اور وطن عزیز کاروشن مستقبل ہیں۔ بامقصد اور تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جانا چاہئے۔ بعدازاں انہوں نے ارکان جماعت اسلامی کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔علاوہ ازین امیر جماعت اسلامی سندھ محمدحسین محنتی نے پریس کلب کی گورننگ باڈی کے رکن و جیو نیوز میرپورخاص کے بیورو چیف محمد خالد کے والد محترم کے انتقال پر ان کے گھر جاکر اور معروف عالم دین وتفسیر تفہیم القرآن کے سندھی مترجم مولانا امیرالدین مہر کے انتقال پر ان کے بیٹوں سے ان کے گھر جاکر تعزیت کی اور مرحومین کی کامل مغفرت اور درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا فرمائی۔ اس موقع پر محمد افضال آرائیں، مجاہد چنا، حاجی نور الہی مغل، ظفر اقبال مجاہد، آفتاب قادری، سینئر صحافی قمرالدین اور پریس سیکریٹری عبدالرشید شیخ بھی موجود تھے۔صوبائی امیرنے جھڈو،ٹنڈوجان محمدکا بھی دورہ اورتنظیمی وعوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔