فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی کاروائی 2ہزار لیٹر سے ذیادہ جعلی اور زائد المعیاد مشروبات برآمد
پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے چارسدہ کے علاقے سرڈھیری بازار اور نوے کلی اپر کرم میں کاروائی کرتے ہوئے 2 ہزار لیٹر سے ذیادہ جعلی اور زائد المعیاد مشروبات برآمد کرلئے۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران متعلقہ دکانداروں کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ کئی دکانوں کو سیل کیا گیا۔ اپر کرم میں کاروائی کے دوران بڑی مقدار میں غیر معیاری ائس کریم بھی تلف کی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کاروائی کے دوران جنرل سٹورز ہوٹلز اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس کے وزٹ کئے گئے، دکانداروں کو فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ایس او پیز کے حوالے سے اگاہی اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایات کی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ مردان کے علاقے محب بانڈہ میں خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، کاروائی کے دوران ایک دکان سے بھاری مقدار میں ممنوع چائنہ سالٹ برآمد کیا گیا، جبکہ کئی ہوٹلز کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق لکی مروت میں جنرل اسٹورز اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا۔ کاروائی کے دوران مختلف دکانوں سے 50 کلو سے زائد غیر معیاری اور زائد المعیاد اشیا خوردنوش برآمد کر لئے گئے۔