حسینہ معین نے زندگی بھر شادی کیوں نہیں کی تھی؟ وہ وقت جب خود ہی اس سوال کا جواب دیدیا تھا

حسینہ معین نے زندگی بھر شادی کیوں نہیں کی تھی؟ وہ وقت جب خود ہی اس سوال کا ...
حسینہ معین نے زندگی بھر شادی کیوں نہیں کی تھی؟ وہ وقت جب خود ہی اس سوال کا جواب دیدیا تھا

  

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیلی ویژن کے اوائل میں معاشرے کو نیا تاثر دینے والی، سوچ کو مثبت زاویوں پر استوار کرنے والی، عورت کو باحیا، خودمختار آزاد دکھانے والی حسینہ معین نے زندگی بھر شادی نہیں کی تھی۔

روزنامہ جنگ کے مطابق  79 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرنے والی حسینہ معین نے ایک انٹرویو میں اپنی شادی نہ کرنے کی وجہ بتائی تھی۔معروف ادکارہ حسینہ معین نے کچھ برس قبل سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے ویب انٹرویو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے زندگی کے نشیب و فراز کے حوالے سے بات چیت کی اور ڈراموں میں اچانک تبدیلی کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

میزبان ثمینہ پیرزادہ کے شادی کے حوالے سے سوال کہ زندگی تنہا گزار دی، کبھی شادی کا خیال کیوں نہ آیا کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ پریشانی میری اماں کو بھی لاحق رہتی تھی  ’مجھے لگتا ہے کہ میں شادی کے لیے نہیں بنی، خدا نے سب کا جوڑ بنایا، مگر میرا جوڑ شاید کہیں کھو گیا ہے، اس لیے میں نے شادی نہیں کی۔‘

شادی نہ کرنے پر افسوس کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے حسینہ معین نے کہا کہ انہیں شادی نہ کرنے کا کوئی ملال نہیں۔ہنس مُکھ مزاج رکھنے والی حسینہ معین نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’رات میں اکثر جب مجھے کہیں جانا ہو اور ڈرائیور نہ ہو تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ ابھی کوئی ہوتا تو مجھے یہ پریشانی نہ ہوتی۔‘

انٹرویو میں حسینہ معین نے بتایا کہ اُن کی زندگی کا سب سے بدترین وقت دو بھائیوں کا ایک ہی ماہ میں انتقال کرجانا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک بھائی کینسر میں مبتلا تھا لیکن دوسرا بھائی تو اچانک ہی ہمیں چھوڑ گیا تھا ۔

یاد رہے کہ 20 نومبر1941ء کو بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہونے والی حسینہ معین 26 مارچ کو دارِ فانی سے کوچ کر کے ہزاروں چاہنے والوں کو غمزدہ کرگئی ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -