پیپلزپارٹی نے جوکیا وہ پارلیمانی اصولوں کےخلاف ہے،شاہد خاقان عباسی

پیپلزپارٹی نے جوکیا وہ پارلیمانی اصولوں کےخلاف ہے،شاہد خاقان عباسی
پیپلزپارٹی نے جوکیا وہ پارلیمانی اصولوں کےخلاف ہے،شاہد خاقان عباسی

  

اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نواز کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہناہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈربنانے کافیصلہ میرے گھر پرہواتھاجس کے بارے میں تمام جماعتیں جانتی ہیں ،پیپلزپارٹی نے جوکیا وہ پارلیمانی اصولوں کےخلاف ہے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا کہناتھا کہ اسد قیصر بتائیں کہ وہ حکومت کے سپیکر ہیں یا سب کے سپیکر ہیں، سپیکر قومی اسمبلی جانتے ہیں کہ وہ اپنا اعتماد کھوچکے ہیں اس لئے اپوزیشن اب ان کی کسی بات کو سنے گی اور نہ انکی بنائی گئی کمیٹی میں جائے گی،انتخابی اصلاحات کی بات کرنے سے پہلے یہ توبہ کریں کہ پریذائڈنگ آفیسر نہیں اٹھائیں گے، ووٹ چوری نہیں کریں گے،سینیٹ الیکشن میں خفیہ کیمرے نہیں لگوائیں گے۔کیا سپیکر نے وزیرا عظم کی وہ تقریر نہیں سنی جو انہوں نے اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد پارلیمنٹ میں کی،جس ملک کا وزیر اعظم اپوزیشن کوگالیاں دے وہاں کیا اصلاحات ہوں گی، حکومت آرڈیننس پر آڈیننس لے آئی انہیں پارلیمنٹ پر اعتماد نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ سمیت جو رپورٹیں بنی ہیں سب چوروں کو چھپانے کے لئے بنی ہیں،براڈ شیٹ کے حقائق بہت واضح ہیں نیب چیئرمین نے تمام معاہدے کئے ہیں، سہولت کار بننے والوں او رکمیشن مانگنے والوں کو جیلوں کے اندر کیا جائے۔

مزید :

قومی -علاقائی -اسلام آباد -