وفاقی وزیر نے اثر و رسوخ استعمال کرکے رشتے داروں کو کورونا ویکسین لگوالی، معروف اداکارہ بھی فائدہ اٹھانے والوں میں شامل

وفاقی وزیر نے اثر و رسوخ استعمال کرکے رشتے داروں کو کورونا ویکسین لگوالی، ...
وفاقی وزیر نے اثر و رسوخ استعمال کرکے رشتے داروں کو کورونا ویکسین لگوالی، معروف اداکارہ بھی فائدہ اٹھانے والوں میں شامل

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ نے مبینہ طور پر اثر و رسوخ استعمال کرکے اپنے قریبی رشتہ داروں کو کورونا ویکسین لگوالی۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق طارق بشیر چیمہ نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے محکمہ صحت پنجاب کے عملے کو گھر بلایا اور اپنے قریبی رشتہ داروں کو میرٹ  کے خلاف کورونا ویکسین لگوائی۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے سے لا علم ہیں۔  طارق بشیر چیمہ کے گھر پر ویکسین لگوانے والوں میں اداکارہ عفت عمر بھی شامل ہیں۔

ویکسی نیشن کروانے کے بعد طارق بشیر چیمہ کے ایک رشتہ دار نے ویڈیو انسٹاگرام پر بھی پوسٹ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویکسین لگوانے والی خواتین میں سے کسی کی بھی عمر 60 سال یا اس سے زائد نہیں ہے۔

 خیال رہے کہ  پاکستان میں پہلے مرحلے میں طبی عملے اور دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ویکسی نیشن کے حوالے سے تیسرے مرحلے کا آغاز 30 مارچ سے ہوگا جب 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن شروع کی جائے گی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -کورونا وائرس -