برطانیہ میں آدمی نے محبوبہ کو پرپوز کرنے کا ایسا طریقہ اپنالیا کہ پاکستانیوں کو قیمے والے نان یاد آجائیں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)لوگ محبت کے اظہار کے لیے ایسے منفرد طریقے ڈھونڈتے ہیں کہ سامنے والا فریق متاثرہو اور ’ہاں‘ کہہ دے تاہم گزشتہ دنوں برطانیہ میں ایک آدمی نے لڑکی کے ساتھ اظہار محبت کا ایک ایسا طریقہ اختیار کر ڈالاکہ سن کر آپ کی حیرت کی انتہاءنہ رہے گی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس آدمی نے ایک پارسل میں ’لو لیٹر‘ کے ساتھ دو قیمے والے رول رکھے اور پارسل اس لڑکی کے گھر کے دروازے پر رکھ کر ڈوربیل بجائی اور خود وہاں سے کھسک گیا۔
برطانوی شہر برنالڈز وک کی رہائشی اس 25سالہ لڑکی کا نام الینر ہالینڈ ہے جس نے یہ واقعہ اپنے فیس بک اکاﺅنٹ پر سنایا ہے۔ وہ بتاتی ہے کہ گزشتہ روز دروازے کی گھنٹی بجنے پر وہ گئی تو وہاں کوئی نہیں تھا۔ جب اس کی نظر زمین پر گئی تو وہاں ایک پارسل رکھا تھا۔ جسے کھول کر دیکھا تو اس میں ایک محبت نامہ اور دو قیمے والے رول تھے۔ یہ پارسل دیکھ کر مجھے خوشی بھی ہوئی اور حیرت بھی۔ خط میں اس اجنبی نے میری خوبصورتی کی تعریف کی اور مجھ سے محبت کا اظہار کیا۔
الینر ہالینڈ کا کہنا ہے کہ میں اپنے پارٹنر ایڈم سمیت اپنے تمام جاننے والوں سے پوچھ چکی ہوں کہ یہ کہیں ان کی شرارت تو نہیں لیکن سبھی نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور سبھی اس پارسل پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ یہ کون ہے جو اس طرح میرے گھر کے باہر یہ پارسل چھوڑ گیا۔ اگر وہ سامنے نہیں آ سکتا تھا تو کم از کم اسے اپنا فون نمبر ہی خط پر لکھ دینا چاہیے تھا۔