سندھ اور خیبرپختونخواہ اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اُٹھالیا، سندھ اسمبلی میں روایتی تاخیر کا مظاہرہ ،پرویز خٹک اور قائم علی شاہ قائد ایوان نامزد

سندھ اور خیبرپختونخواہ اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اُٹھالیا، سندھ ...
سندھ اور خیبرپختونخواہ اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اُٹھالیا، سندھ اسمبلی میں روایتی تاخیر کا مظاہرہ ،پرویز خٹک اور قائم علی شاہ قائد ایوان نامزد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوئٹہ، کراچی، پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ اور خیبرپختونخواہ اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھا لیا، سندھ میں پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے قائم علی شاہ اور خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کے پرویز خٹک کو قائدایوان نامزد کر دیا گیا۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی کا اجلاس سپیکر کرامت اللہ خان چغرمٹی کی زیرصدارت آدھے گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا جس دوران انہوں نے 99 جنرل نشستوں پر منتخب ارکان، 22 خواتین اور اقلیتوں کے تین ارکان سے پشتو، اردو اور انگریزی زبان میں حلف لیا۔ سپیکر نے نومنتخب اراکین کو مبارکباد دی۔ تمام اراکین نے باری باری رول پر دستخط کئے جس کے بعد نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرائے گئے۔ بعد ازاں اسمبلی کا اجلا س جمعرات کی صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ تیس مئی کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس سپیکر نثار کھوڑوکی زیرصدارت ہوا، ماضی کی روایات کو برقراررکھتے ہوئے نومنتخب اسمبلی کا پہلا اجلاس بھی ایک گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے گیارہ بجے کے بعد شروع ہوا اور سپیکر نے نومنتخب اراکین سے اردو، سندھی اورانگریزی زبان میں مجموعی طور پر 158 اراکین سے حلف لیا جس کے بعد اراکین سے اسمبلی رول پر دستخط لئے گئے۔ انہوں نے نومنتخب اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاکہ تمام اراکین عوامی امنگوں پر پورااتریں گے اور ملک و صوبے کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ سندھ اسمبلی میں سید قائم علی شاہ کو قائد ایوان نامزد کیا گیا ہے۔ سپیکر کیلئے عرفان اللہ مروت اور آغا سراج درانی میں مقابلہ ہو گا جبکہ ڈپٹی سپیکر کیلئے شہلا رضا اور نصرت عباسی میں مقابلہ ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف نے سپیکر کیلئے عرفان اللہ مروت اور ڈپٹی سپیکر کیلئے نصرت عباسی کی حمایت کر دی ہے۔

مزید :

پشاور -Headlines -