تنخواہ میں اضافہ نہ سبسڈی ،وزیراعظم ہاﺅس ’خالی‘ رہے گا ،نوازشریف ’انقلابی سونامی‘ لائیں گے ،وزیروں کی گاڑیوں پر بھی جھنڈے نہ لہرانے کا فیصلہ
لاہور (مانیٹر نگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کو کسی قسم کی رعایت یا سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ تمام شعبوں سے رقم بچا کر توانائی کے شعبے میں لگائی جائے گی۔ اسی طرح نواز شریف نے وزیر اعظم کی حیثیت سے پرائم منسٹر ہاﺅس میں قیام نہ کرنے کافیصلہ بھی کیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق نواز شریف کی سربراہی میں اجلاس کے دوران حکومت سازی سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے جن میں میاں نواز شریف سکیورٹی اداروں کی کلیئرنس کے بعد کسی محدود جگہ پر رہائش اختیار کریں گے جبکہ وزیراعظم ہاﺅس کسی اور تعمیری مقصد کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔وزیر اعظم کا سکیورٹی قافلہ بھی محدود ہوگا۔اجلاس میں وفاقی وزارتوں کی تعداد کم کرکے 26کرنے کافیصلہ کیاگیاجبکہ پنجاب کی کابینہ 32وزراءپر مشتمل ہوگی۔وزراءاپنی گاڑیو ں پرجھنڈے اوراپنے ساتھ سکیورٹی گارڈ نہیں رکھیں گے۔