ٹیسٹ میچ کو 4 روز تک محدود کرنے پر بحث شروع ہوگئی
سڈنی( نیٹ نیوز) ٹیسٹ میچ کو 4 روز تک محدود کرنے پر بحث شروع ہوگئی، کئی کرکٹ حلقے سینئر فارمیٹ میں ایک دن کی کٹوتی کے حق میں دلائل دینے لگے، ٹی وی چینلز بھی دورانیہ میں کمی کے حق میں ہیں، شین وارن نے ایک روز کم کرنے کے عوض دن کا دورانیہ بڑھانے کی تجویز دے دی۔حال ہی میں ممبئی میں ہونے والی آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں ٹیسٹ میچ کو پانچ کے بجائے چار دنوں تک محدود کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی اور اس پر کافی بحث بھی کی گئی تھی۔
ایک دن کی کٹوتی کا مقصد ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت میں اضافہ کرنا ہے۔ یہ بات شدت سے محسوس کی جارہی ہے کہ مختلف ممالک میں کھیل کے سرتاج فارمیٹ کی مقبولیت کم ہونے لگی، اب صرف آسٹریلیااور انگلینڈ جن میچز میں شریک ہوں تو ہاؤس فل دکھائی دیتا ہے۔