ٹنڈولکر اور شین وارن نے ’’کرکٹ آل سٹار لیگ‘‘ کی تیاریاں مکمل کرلیں
نئی دہلی ( نیٹ نیوز) سابق کرکٹرسچن ٹنڈولکر اور شین وارن نے ’’کرکٹ آل سٹار لیگ‘‘ کی تیاریاں مکمل کرلیں‘ لیگ کے لئے کئی نام اور کرکٹرز کے ساتھ معاہدے بھی ہوگئے ہیں‘ لیگ رواں سال اگست یا ستمبر میں شروع ہوگی۔ لیگ میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ میگرا‘ ساروگنگولی‘ راہول ڈریوڈ‘ رکی پونٹنگ سمیت اٹھائیس بڑے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا۔ لیگ میں کھیلنے والے کرکٹرز کو فی میچ پچیس ہزار امریکی ڈالر دیئے جائیں گے۔ لیگ کی میزبانی امریکہ کرے گا۔ میچ امریکہ کے تین شہروں نیویارک‘ لاس اینجلس اور شکاگو میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کے لئے جن کھلاڑیوں سے معاہدے ہوچکے ہیں ان میں سچن ٹنڈولکر‘ سارو گنگولی‘ انیل کمبلے‘ راہول ڈریوڈ‘ وی وی ایس لکشمن‘ گلین میگرا‘میتھیو ہیڈن‘ رکی پونٹنگ‘ ایڈم گلکرسٹ‘ شین وارن‘ بریٹ لی‘ اینڈریو فلنٹف‘ مائیکل وان‘ برائن لارا‘ جیک کیلس‘ ایلن ڈونلڈ‘ لانس کلوزنر‘ مہیلا جے وردھنے‘ مرلی دھرن شامل ہیں جبکہ پاکستان کی طرف سے وسیم اکرم‘ شعیب اختر اور وقار یونس سے بھی رابطہ کیا گیا ہے لیکن ابھی ان سے معاہدہ نہیں ہوسکا۔ جبکہ دوسری طرف آسٹریلین فاسٹ باؤلر بریٹ لی کے منیجر نیل میکسیول نے کہا ہے کہ بریٹ لی کو کرکٹ آل سٹار لیگ کھیلنے کی آفر ہوئی ہے انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا سے لیگ کھیلنے کی اجازت بھی لے لی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ اس لیگ میں دنیا بھر کے سابق نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔