چینی کمپنیوں کی پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں وسیع سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی

چینی کمپنیوں کی پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں وسیع سرمایہ کاری میں اظہار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کامرس رپورٹر)چینی کنسٹرکشن کمپنیوں نے پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے اور جدید بنیادوں پر ہاؤسنگ سکیمیں بنانے میں اپنی دلچسپی ظاہر کر دی ہے، اس سلسلے میں جمعرات کو چینی کنسٹرکشن کمپنی کے ایک چار رکنی وفد نے پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شاہ فیصل آفریدی سے ملاقات کی ۔وفد کی قیادت شینڈونگ گروپ کے چیئرمین شیاؤ منگ چینگکر رہے تھے۔ جبکہ دیگر ممبران میں شینڈونگ بلڈنگ میٹریل گروپ کے جی۔ایم مارکیٹنگ مسٹر زہانگ پیری ہاؤ سیلز مینجر ٹونی ہیو اور ینٹائی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زیاؤبھی شامل تھے ۔وفد کا بنیادی مقصد پاکستان کی تعمیراتی صنعت میں مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینا تھا ۔اس موقع پر شاہ فیصل آفریدی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی طرز کا جدید،ماحول دوست، کم خرچ اور بالا نشیں تعمیراتی مواد پاکستانی کنسٹرکشن اور تعمیراتی شعبے میں انقلاب برپا کر سکتا ہے۔ تعمیراتی صنعت میں چینی سرمایہ کاری اس سے منسلک دیگر صنعتوں کے لئے بھی راہ ہموار کرے گی جن میں سیمنٹ، لوہا ، سٹیل، پتھر، ٹائلز، لکڑی اور ماربل وغیرہ سر فہرست ہیں ۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ ٹیکسٹائل کے بعد کنسٹرکشن انڈسٹری ملک کی دوسری بڑی صنعت ہے جو کہ عوام کی ایک بڑی تعداد کو روزگار فراہم کئے ہوئے ہے۔مگر افسوس کہ جدید انفراسٹرکچر اور تکنیکی سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث یہ صنعت ابھی تک بھرپور ترقی نہیں کر پا رہی۔ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے شاہ فیصل آفریدی نے کہا کہ امن و امان کی بہتر سہولیات اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے باعث تعمیراتی صنعت میں اس سال خاطر خواہ بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔



اُنہوں نے بتایا کہ اس سال تعمیراتی صنعت میں ممکنہ5.7 فیصد کے برعکس11.3 فیصد اضافہ نہائت خوش آئند ہے۔فیصل آفریدی نے تجویز پیش کی کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کو جدید سہولیات، تکنیکی معاونت اور ٹیکنالوجی کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس حوالے سے چینی معاونت اس صنعت کو بحران سے نکال کر ترقی کی جانب لیجانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔چینی وفد کے سربراہ مسٹر شیامنگ چینگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے حوالے سے شاہ فیصل آفریدی کی کاوشوں کو سراہا اور چیمبر کے ممبران کو چین کے ٹیٹو ٹاؤن کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جہاں اُنہوں نے بلڈنگ میٹریل سے منسلک ’’ انوویشن اینڈ پروڈکشن فیسلٹی سنٹر قائم کیا ہوا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ چین میں مہنگی لیبر کے باعث وہ اپنے کاروبار کا کچھ حصہ پاکستان میں منتقل کرنا چاہتے ہیں ۔

مزید :

کامرس -