28مئی ملکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے،پرویزملک

28مئی ملکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے،پرویزملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر وممبرقومی اسمبلی محمدپرویزملک اورجنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہاہے کہ 28مئی کا دن ملکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،اس دن وزیراعظم نوازشریف نے پانچ ایٹمی دھماکہ کرکے دشمن کے دانت کٹھے کئے اور ملک کا دفاع ناقابل تسخیربنایا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گذشتہ روز یوم تکبیرکے سلسلہ میں مختلف تقریبات سے خطاب کے دوران کیا۔محمدپرویزملک نے مزیدکہا کہ 28مئی 1998ء کو میاں نوازشریف دھماکے نہ کرتے تو آج ہم بھی محکوم قوموں کی طرح غلامی کی زندگی بسرکررہے ہوتے، نوازشریف نے پاکستانی قوم کو جرات اور عزت سے جینا سکھایا۔نوازشریف کو لالچ دیاگیا لیکن انہوں نے ایٹمی دھماکے کرکے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو عزت سے جیتی اور غیرت سے مرتی ہیں۔خواجہ عمران نذیرنے کہا کہ ملک کو ناقابل تسخیربنانے کا سہرامیاں نوازشریف کو جاتا ہے۔اب دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے اپنے سابقہ ادوار میں ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور ایٹمی قوت بنایا،1998ء میں ملک کے اندر لوڈشیڈنگ تھی اور نہ ہی ملک معاشی طور پر کمزور تھا،بعد میں آنے والی حکومتوں نے ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں کے ذریعے ملک کو دیوالیہ کیا۔وزیراعظم نوازشریف کی انتھک محنت سے پاکستان خوشحال منزل کی طرف رواں دواں ہے، آنے والے سالوں میں تمام اہداف حاصل کریں گے،اب پاکستان کو اکنامک ٹائیگربننے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔