یکمشت فیسیں وصول کرنیوالے پرائیویٹ سکولوں کیخلاف کاروائی کا حکم

یکمشت فیسیں وصول کرنیوالے پرائیویٹ سکولوں کیخلاف کاروائی کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائیکورٹ نے نجی سکولوں کوموسم گرما کی تعطیلات میں طالبعلموں سے یکمشت فیسیں وصو ل کرنے سے روکتے ہوئے حکومتی نوٹیفیکیشن پر عمل درآمد کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خود نمائی کے لئے گلیوں ، نالیوں کی تعمیر کے اشتہارات تومیڈیا میں جاری کر دیتی ہے مگر عوامی مفاد کے اشتہارات نہیں چلائے جاتے۔ مسٹرجسٹس علی اکبر قریشی نے یہ ریمارکس شبیر الزمان کی طرف سے دائردرخواست پر حکومت کو مختلف ہدایات جاری کرتے ہوئے دیئے ۔فاضل جج نے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنزکو ہدایت کی ہے کہ 7مئی2014ء کو حکومت پنجاب کی طرف سے نجی سکولوں کوفیسوں کی وصولی کے لئے جاری کئے جانے والے احکامات کے بارے میں اردو اور انگریزی زبان کے اخبارات میں 31مئی کو اشتہارات شائع کروائے جائیں ۔عدالت نے یہ حکم بھی جاری کیا ہے کہ یہ اشتہار ٹیلی ویژن چینلزپرایک ہفتہ تک دن میں دو سے تین بار نشر کرنے کا اہتمام کیا جائے ۔فاضل جج نے ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر (ایجوکیشن)لاہور کو حکم دیا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات کی یکمشت فیسیں وصول کرنے والے نجی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت پنجاب نے 7مئی 2014ء کو ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کے تحت نجی تعلیمی اداروں کو موسم گرما کی تعطیلات میں طالبعلموں سے یکمشت فیسیں وصول کرنے سے روکاگیاہے۔ حکومتی پالیسی کے برعکس نجی تعلیمی اداروں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، طلبا سے یکمشت فیسیں وصول کی جا رہی ہیں جو کہ طالبعلموں اور والدین پر بڑا بوجھ ہے۔عدالتی حکم پرمحکمہ تعلیم کے افسران عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ طلبا یا والدین کی طرف سے انہیں کوئی شکائت موصول نہیں ہوئی۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت سے غلط بیانی نہ کی جائے اورحکومتی نوٹیفیکیشن کومیڈیا میں نشر کیا جائے۔عدالت نے یکمشت فیس وصول کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت2جون تک ملتوی کردی ۔

مزید :

علاقائی -