الیکشن کمیشن نے کیپٹن(ر) صفدر کے خلاف دو درخواستیں نمٹا دیں
اسلام آباد (آن لائن ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مانسہرہ سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف دو درخواستیں فریقین کے دلائل سننے بعد نمٹا دیں۔ قبل ازیں مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے دو بلدیاتی اُمیدواران نے چیف الیکشن کمشنر کے نام درخواستوں میں الزام عائد کیا تھا کہ کیپٹن محمد صفدر ضلع مانسہرہ میں مسلم لیگ ن کے حامی امیدواروں کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور انہوں نے حلقہ میں ٹرانسفر لگوانے کے ساتھ ساتھ کئی حلقوں میں بجلی کے کھمبے بھی نصب کروائے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے شکایات موصول ہونے کے بعد کیپٹن محمد صفدر کا اظہار وجوہ کا نوٹس دیتے ہوئے الیکشن کمیشن میں پیشی کے لئے طلب کیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس رضا خان کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے سماعت شروع کی تو مسلم لیگ ن کے ممتاز قانون دان چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ نے کیپٹن محمد صفدر کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے الیکشن کمیشن کے روبرو موقف اختیار کیا کہ کیپٹن محمد صفدر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہوئے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ مانسہرہ میں دیگر شہروں کی طرح وزیراعظم پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر پروگرام کے تحت بجلی اور دیگر سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں جن کا کیپٹن محمد صفدر کی ذات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ کیپٹن محمد صفدر کو حکومت پاکستان کی جانب سے مانسہرہ کے عوام کو بجلی کی فراہمی کے لئے ٹرانسفرتنصیب کیلئے کوئی فنڈز مہیا نہیں کئے گئے۔ الیکشن کمیشن نے چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ کے دلائل سننے کے بعد کیپٹن محمد صفدر کے خلاف اظہار وجوہ کے نوٹس نیز اصالتاً حاضری کا حکم ختم کرتے ہوئے دونوں درخواستیں نمٹا دیں۔