اقتصادی راہداری منصوبے پر سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے خوش آئند ہے،منظور وٹو
لاہور(پ ر)پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدرمیاں منظور احمد وٹونے پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں پاکستان کے لوگوں کی مبارک کی مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے قومی مفاد کو پیش نظر رکھا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ وہ چین کی اربوں ڈالر کی سرمایہ داری کو متنازعہ نہیں ہونے دیں گے چنانچہ انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں بلائی تا کہ اتفاق رائے کے لیے راہ ہموار کی جائے اور اُس کانفرنس میں انہوں نے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ چھوٹے صوبوں کے تحفظات کو دور کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے شاید ان کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے دو آل پارٹیز کانفرنس منعقد کیں جس کے نتیجے میں پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے پر متفقہ سیاسی اتفاق رائے پیدا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے سے پاکستان کو بے پناہ معاشی اور سفارتی فوائد حاصل ہوں گے کیونکہ اسکے ذریعے چین اور وسطی ریاستوں کو پاکستان کے ذریعے راہ داری ملے گی جو انکے بھی مفاد میں ہے۔