نوازشریف سے بیلاروس کے صدر کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم نوازشریف سے 2روزہ سرکاری دورے پر آنے والے بیلاروس کے صدر سے ملاقات کر رہے ہیں جس دوران وزیراعظم نوازشریف نے بیلا روس کے صدر سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔
اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھاکہ بیلاروس کے ساتھ روابط پر بہت خوشی ہے اور پاکستان دفاع کے شعبے میں بیلاروس کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتاہے۔نوازشریف کا کہناتھا کہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت کا حجم 60ملین ڈالر ہے ،باہمی تجارت کے حجم کو صلاحیت کے مطابق بڑھانے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان وفود کے تبادلے کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ،دونوں ملکوں کو چیمبر آف کامرس کے درمیان روابط قائم کرنا ہو ں گے ،تاجروں کے درمیان روابط سے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ۔ان کا کہناتھا کہ پاکستان اور بیلاروس کو ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھانے کیلئے راہیں تلاش کرنی ہوں گی ،پارلیمانی روابط کو بڑھاناہو گا ۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر ممنون حسین کی دعوت پر آنے والے بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو وزیراعظم ہاﺅس پہنچے تو وزیراعظم نوازشریف نے ان کا استقبا ل کیا ۔وزیراعظم ہاﺅ س آمد پر انہیں فوج کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔