شہری کی محبوبہ کو شادی کی پیشکش، پھولوں کی بجائے ایک ایسی چیز کا بنا گلدستہ پیش کردیا کہ انکار کرنا ہی ناممکن ہوگیا
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں خواتین کو پرپوز کرنے کے لیے مرد پھول، انگوٹھی یا اسی نوع کی چیزیں پیش کرتے ہیں مگر چین میں ایک نوجوان نے نوٹوں کا گلدستہ پیش کرکے اپنی دوست سے شادی کے لیے ”ہاں“ کہلوا لی ہے۔ ویب سائٹ شنگھائسٹ کی رپورٹ کے مطابق لڑکا نن شینگ ٹیچرز کالج میںپڑھتا ہے جس نے 5ہزار یوآن (تقریباً 80ہزار روپے) کے نوٹ اس گلدستے میں سجائے اور اپنی دوست کے سامنے گھٹنوں کے بل کھڑا ہو کر اسے پیش کرتے ہوئے شادی کی پیش کش کی۔ چین میں لڑکیوں کو پرپوز کرنے کے لیے اسی نوع کے انوکھے حربے آزمائے جاتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے اسی طرح ایک نوجوان نے لڑکی کو پرپوز کرنے کے لیے پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگائی مگر شومئی تقدیر سے وہ ایک درخت پر آ کر اٹک گیا اور یوں اس کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ چند دن قبل ایک نوجوان نے اسی لڑکی کی ایک دیو قامت تصویر بنوائی تاکہ وہ یہ تصویر دے کر اسے پرپوز کر سکے مگر جب اس نے ایسا کیا تو لڑکی نے رشتے سے انکار کر دیاتھا۔ نوٹوں کا گلدستہ دے کر لڑکی سے ہاں کہلوانے کی اس تقریب کی تصاویر انٹرنیٹ پر بہت زیادہ دیکھی جا رہی ہیں اور صارفین رقم کو شادی کے لیے ہاں کہلوانے کے لیے سب سے موثر چیز قرار دے رہے ہیں۔