پی سی بی کا پاور ہٹنگ کوچز سے نوجوان کرکٹرز کو جدید بیٹنگ سکھانے کا فیصلہ
لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے محدود اوورز کی کرکٹ میں بہتر کارکردگی کیلیے ’’پاور ہٹنگ‘‘کوچز کی خدمات لینے کا فیصلہ کر لیا، پی سی بی کے مطابق مذکورہ کوچز کا تقرر نیشنل اکیڈمی میں کیا جائے گا تاکہ وہ نوعمر کرکٹرزکو ابتدا سے ہی جارحانہ انداز میں کھیلنا سکھا سکیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں تو تیسری پوزیشن پر براجمان البتہ ون ڈے میں شرمناک نواں اور ٹی20میں ساتواں نمبر ہے، بیٹسمین اب تک ’’ابتدائی اوورز میں سلو بیٹنگ سے وکٹیں بچاؤ اور آخرمیں اٹیک کرو‘‘ والی پرانے انداز کی کرکٹ کھیل رہے ہیں، یہ حکمت عملی اکثر اوقات ناکام ثابت ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں ناکامیوں کا حالیہ تناسب زیادہ ہے، بورڈ حکام بھی اس مسئلے سے آگاہ اور بہتری کیلیے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔ایک اعلیٰ آفیشل نے بتایاکہ ’’پاور ہٹنگ‘‘ کوچز کے تقرر پر اتفاق ہو چکا، اس حوالے سے بعض نام زیر غور ہیں جو ابھی بتائے نہیں جا سکتے، انھیں لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بلایا جائے گا جہاں وہ ابتدائی طور پر نوجوان کرکٹرز کو جدید انداز بیٹنگ کی تربیت دیں گے، بورڈ آفیشل نے کہا کہ ہم ابھی تک سابقہ دور کی کرکٹ کھیل رہے ہیں ۔اب نئے اقدامات سے مسائل حل کرنے کی کوشش ہو گی، اس سال ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ بھی نئے انداز سے کرایا جائے گا۔